غزہ سٹی میں امدادی کاموں کی نگرانی پر مامور پولیس کی گاڑی پر اسرائیلی حملے میں 8 افراد مارے گئے۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس گاڑی پر حملہ کچھ دیر قبل کیا گیا جب کہ گاڑی کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ان گاڑیوں میں شامل تھی جو غزہ سٹی اور اس کے شمالی علاقوں میں امداد کی ترسیل، اس دوران نظم و نسق برقرار رکھنے اور کسی بھی طرح کی افراتفری کو روکنے پر مامور تھی۔

رپورٹ کے مطابق حملے میں 8 افراد مارے گئے ہیں، مرنے والوں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ سب قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعلق رکھتے تھے جنہیں تفح کے پڑوس میں امدادی سامان کی حفاظت کا کام سونپا گیا تھا۔

یہ حملہ غزہ سٹی کے مشرقی حصے میں کیا گیا جو کہ شجایا اوردیگر علاقوں کی طرح بہت زیادہ آبادی والا علاقہ ہے۔

لیکن گزشتہ ایک ہفتے کے دوران علاقے میں شدید بمباری اور شیلنگ کی وجہ سے آبادی کی اکثریت مزید اندرونی نقل مکانی پر مجبور ہو گئی۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بمباری ساتویں ماہ میں داخل ہوچکی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی فوج نے بمباری کرکے 24 گھنٹے میں 43 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گھا۔

7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار 729 فلسطینی شہید اور 76 ہزار 371 زخمی ہو چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں