نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں نوجوانوں کو مواقع دیں گے، بابر

17 اپريل 2024
کپتان قومی ٹیم بابر اعظم— فوٹو: ڈان نیوز
کپتان قومی ٹیم بابر اعظم— فوٹو: ڈان نیوز

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دیں گے اور مختلف کامبی نیشن آزمائیں گے تاکہ جان سکیں کہ کونسا کامبی نیشن ہمارے لیے موزوں ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز سے قبل پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہمارے پاس 12 میچز ہیں اور ہم کوشش کریں کہ ہم ان میچوں کا 100فیصد استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، غلطیوں پر غور کریں گے، ہمارے پاس بہترین کھلاڑی ہیں، یہ تمام کھلاڑی پرفارم کر کے آئے ہیں، میرے پاس اتنا ٹیلنٹ ہوتا ہے کہ اس میں سے کبھی کبھار میرے لیے فائنل الیون کا انتخاب بھی مشکل ہوجاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان ہوا ہے تو ہماری کوشش ہے کہ اس سیریز میں ان کی کارکردگی دیکھیں اور ورلڈ کپ میں بھی کم و بیش اسی ٹیم میں سے لوگ ہوں گے لیکن ابھی ورلڈ کپ میں کافی وقت ہے اور ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بنائیں۔

بطور کپتان اوپنر کھیلنے کے حوالے سے بابر نے کہا کہ کوشش کریں گے نوجوانوں کو سیریز میں زیادہ مواقع دیں، بینچ اسٹریتھ کو چیک کریں، سیریز کے ہر میچ میں مختلف کامبی نیشن نظر آئے گا تاکہ ہم اس بات کو جان سکیں کہ کونسا کامبی نیشن ہمارے لیے موزوں ہے، آئرلینڈ یا انگلینڈ کے خلاف سیریز تک چیزیں واضح ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے ٹیم میں نوجوانوں کو شامل کیا ہے، عثمان خان اور عرفان نیازی کو شامل کیا ہے، جن جگہوں پر کمی تھی ان پوزیشن پر کھیلنے کے لیے اعظم خان ہیں اور افتخار پہلے سے ہمارے پاس تھے جبکہ شاداب اور عماد بھی ہیں تو اس سے ہماری بیٹنگ کافی مضبوط بن رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی کمبی نیشن سے جاتے ہیں تو ہماری بیٹنگ آٹھ نمبر تک جا رہی ہے جبکہ نیچے ہمارے پاس نسیم شاہ بھی ہے اور شاہین شاہ آفریدی بھی ہیں، ہم کوشش کریں گے کہ ان کھلاڑیوں کو وہی کردار دیں جس میں وہ پاکستان سپر لیگ میں کارکردگی دکھا رہے تھے، ہم انہیں آزادی دیں گے کہ وہ جا کر کھل کر پرفارم کریں۔

ٹیم میں یکجہتی کے حوالے سے سوال پر قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ایسی چیزیں آپ لوگوں کی طرف سے ہی آتی ہیں، کبھی کبھار مجھے لگتا ہے کہ شاید آپ کو ہم لوگوں سے زیادہ ہی پتا ہے، ٹیم میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، کوشش کرتے ہیں کہ جو بھی صورتحال ہو ایک دوسرے کے ساتھ رہیں اور سپورٹ کریں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں