ماڈل و اداکارہ ژالے سرحدی کی مختصر ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ طنزیہ انداز میں پاکستانی اداکاراؤں کے لباس اور فیشن سمیت ان کی ڈھلتی عمر پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کی سوچ پر بھی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

ژالے سرحدی کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں انہیں طنزیہ انداز میں اداکاراؤں کی جانب سے آستینوں کے بغیر لباس پہننے سمیت انہیں اداکاری میں مواقع ملنے کے لیے ان کی گوری رنگت کے لازمی ہونے پر بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مختصر ویڈیو میں ژالے سرحدی بتاتی ہیں کہ پاکستان میں ہر روز اداکاراؤں کو ان کے لباس سمیت ان کے انداز پر سوشل میڈیا پر گالیاں ملتی ہیں۔

وہ ویڈیو میں مزید بتاتی ہیں کہ پاکستانی اداکارہ کے آستین کے بغیر لباس پہننے سے زلزلے، طوفان یا دیگر قدرتی آفتیں آ سکتی ہیں۔

ژالے سرحدی طنزیہ انداز میں کہتی ہیں کہ وہ پاکستانی اداکارہ ہیں اور انہیں کام ان کی کارکردگی کے بجائے سوشل میڈیا پر ان کی فین فالووںگ کی وجہ سے ملتا ہے۔

وہ ویڈیو میں بتاتی ہیں کہ بطور پاکستانی اداکارہ تیس سال کے بعد وہ کسی کی خالہ، بڑی بہن اور پھوپھو کے کردار ہی ادا کر سکتی ہیں۔

ژالے سرحدی مختصر ویڈیو میں طنزیہ انداز میں کہتی ہیں کہ بطور پاکستانی اداکارہ ان کے لیے رنگت کا گورا ہونا اتنا ضروری ہے جتنا کہ سوشل میڈیا انفلوئنسر کے لیے فلٹر لگانا ضروری ہوتا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام پر اپ لوڈ کی گئی مذکورہ ویڈیو کو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا اور اس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے اور ساتھ ہی بعض مداحوں نے اداکارہ کو چھوٹی آستین کا لباس پہننے پر آڑے ہاتھوں بھی لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں