انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن نے نادرن بائی پاس سمیت کراچی کے دیگر داخلی اور خارجی راستوں کے اطراف میں پولیس چوکیوں اور باڈی وارن کیمروں سے لیس اہلکاروں کی تعیناتی کا حکم دے دیا۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت نادرن بائی پاس کے اطراف باڑ لگانے کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کا نظام ناگزیر ہے تاکہ جرائم پیشہ افراد کی نقل وحرکت کو روکا جاسکے، جرائم پیشہ افراد واردات کے بعد ان راستوں کو استعمال کرکے فرار ہوجاتے ہیں۔

اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے نادرن بائی پاس سمیت کراچی کے دیگر داخلی اور خارجی روٹس کے اطراف میں پولیس چوکیوں اور باڈی وارن کیمروں سے لیس اہلکاروں کی تعیناتی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ راستوں پر باڑ کی تنصیب کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کرکے تجاویز پیش کی جائیں۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ ان راستوں پر پولیس تعیناتی سے شہر میں جرائم کی شرع میں غیرمعمولی کمی متوقع ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ تمام ضلعی پولیس افسران اپنے اضلاع میں شامل شاہراہوں پر پولیس تعیناتی کرکے پولیس چوکیوں کو فعال بنائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں