پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے بچوں کا نام پاسپوٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوارالحق کی سربراہی میں ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے اپیل کا فیصلہ جاری کیا۔

تحریر ی فیصلہ میں بتایا گیا کہ سرکاری وکیل بچوں کے نام پی سی ایل لسٹ میں رکھنے سے متعلق مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔

فیصلہ میں کہا گیا کہ بچوں کی والدہ فرحت شہزادی سمیت دیگر پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کیا، مقدمے کے مطابق فرحت شہزادی نے کرپشن اور سرکاری خزانے کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔

تحریری فیصلے کے مطابق فرح شہزادی نے انوسٹیگیشن جوائن نہیں کی، وہ بیرون ملک مقیم ہیں اور اس مقدمے میں اشتہاری ہوچکی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ فرحت شہزادی پر جب مقدمہ درج کیا گیا اس وقت دونوں بچوں کی عمریں 16 سال سے کم تھیں، بچوں کا نام پی ایس ایل لسٹ میں رکھنے کا جواز نہیں ہے۔

تفصیلی فیصلے میں وزیراعظم شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے فیصلے کا ذکر کیا اور لکھا کہ عدالت اپیل منظور کرتے ہوئے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتی ہے۔

یاد رہے فرح گوگی کے بچوں ایمان جمیل اور فراز اقبال نے لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں