سندھ کابینہ نے پیپلز بس سروس کا کرایہ 50 روپے برقرار رکھتے ہوئے عوام کے کے لیے کرائے کی مد میں 29 کروڑ روپے مالیت سبسڈی کی رقم جاری کرنے کی منظور دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ مراد شاہ کی زیر سربراہی منعقد ہوا جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پیپلز بس سروس کے لیے نگران حکومت کے دوران 50 روپیہ کرایہ برقرار رکھا گیا تھا اور یہی کرایہ جنوری تا جون 2024 تک مقرر کیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں مزید بتایا گیا کہ بسوں کا کرایہ 50 روپے مقرر کرنے کے لیے 57 کروڑ 97 لاکھ 56ہزار روپے 6 ماہ کی سبسڈی کے طور پر منظور کیے گئے تھے جس میں سے 28 کروڑ 98 لاکھ 78 ہزار روپے جاری ہو چکے ہیں۔

کابینہ نے بس کا کرایہ 50 روپے برقرار رکھتے ہوئے باقی 28 کروڑ 98 لاکھ 78 ہزار روپے جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں سندھ کابینہ کی نصابی کتابوں کے لیے ایک ارب روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی اور وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا آڈٹ کرانے کی ہدایت دے دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں