پاکستانی اسپنر عبدالرحمٰن۔ فائل فوٹو

لندن: پاکستان کے اسپن بالر عبدالرحمٰن کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر انگلش کرکٹ بورڈ نےعبدالرحمٰن پر بارہ ہفتوں کی پابندی عائد کردی ہے جبکہ عبدالرحمٰن نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ اور قوم سے اپنے اقدام پر معافی بھی مانگ لی ہے۔

پاکستانی اسپنر عبدالرحمن پر انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کینابیس نامی ممنوعہ شہ لینے پر بارہ ہفتوں کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ان کا آٹھ اگست 2012 کو ہونے والا ڈوپ ٹیسٹ دو روز قبل مثبت آیا تھا۔

عبدالرحمن کی کائونٹی ٹیم سمرسیٹ کے چیف ایگزیکٹو گائے لوینڈر نے انگلش کرکٹ بورڈ کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل طور پر حمایت کا اعلان کیا ہے۔

گائے نے کہا کہ کلب ممنوعی ادویہ کے استعمال کو کسی صورت میں نظر انداز نہیں کرسکتا اور سمرسیٹ کے تمام کھلاڑی کلب کی اس پالیسی سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔

یاد رہے کہ عبدالرحمٰن نے رواں سال جنوری میں انگلینڈ کیخلاف سیریز میں 19 وکٹیں حاصل کی تھیں اور اس سیریز میں انگلینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا، انہوں نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں اٹھائیس کے ایوریج سے 81 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

اس پابندی صورت میں جو 21 دسمبر کو ختم ہو گی عبدالرحمٰن ہندوستان میں کھیلی جانے والی چیمپیئنز لیگ میں سیالکوٹ کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔

دوسری جانب عبدالرحمٰن نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ، کائونٹی اور قوم سے معافی مانگی اور سزا قبول کرنے کا اعلان بھی کیا۔

کرکٹر عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کیے پر شرمندہ ہیں اور غلطی سے سبق سیکھ چکے ہیں۔

انہوں نے بھارت کے خلاف سیریز میں واپسی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو فٹ رکھنے کی کوشش کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں