290x230-cat-out-of-the-bag
تصویری خاکہ - ماہ جبیں منکانی

پچھلے ہفتے ارسلان افتخار کے کیس سے ثابت ہوا کہ بلّی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ بلّی کے تھیلے میں زیادہ دیر تک رہنے کا نقصان بھی آپ نے ہی بھگتنا ہے۔

صرف وہی باہر نہیں آئی، ایک ایک کرکے اس کے بلونگڑے بھی پھدکتے آرہے ہیں۔ اس میں کوئی حیرت نہیں کہ یہ بلونگڑے ختم ہونے میں نہیں آرہے کہ پاکستان میں ہمارا فیملی سائز ہمیشہ دنیا بھر میں آگے رہا ہے۔ البتہ یہ تمنّا پوری ہونے میں نہیں آرہی کہ اس خاندان کے افراد کا تعین ہو تو ان کی رہائش کا بندوبست کیا جاسکے۔

اب ذرا سوچیئے کہ معاملہ کس قدر گھمبیر ہے۔ یہ کوئی عام بلونگڑے تو ہیں نہیں۔ ایک ایک بلونگڑا پاکستانی ناظرین کے دلوں پر راج کرنے والی ایک اہم شخصیت ہے۔ یہ سب سرخی پاؤڈر تھوپ کر انتہائی مہنگی بےبی لائٹس کے روشنیوں میں ہر ایک اہم آدمی پر ایک 'لائیو سپریم کورٹ کی ہیرینگ' چلاتے ہیں۔ کبھی کبھی جب یہ بور ہوجائیں تو ہم جیسے عام آدمی کے 'غائب ہوجانے والے بھائی یا بہن' کو بھی اپنے پروگرام کا موضوع بنا ڈالتے ہیں۔

کبھی کبھی جب ہم اپنی غلیظ مزدوری سے تنگ آکر کسی 'بےنظیر بھٹو شہید پارک' میں ایک معصومانہ ڈیٹ کی جستجو کریں (آخر کسی پارک میں اس سے زیادہ ہو ہی کیا سکتا ہے) تو یہ اچانک بلونگڑوں سے وحشی بل ڈوگ میں بدل کرہمیں ہماری مجبوریوں کا احساس بھی دلانے آجاتے ہیں۔

یہ ان تھک بلونگڑے جو تاریخی اور سنہری لفظوں میں لکھی جانے والی ہر جرآت مندانہ روش کے حامل ہیں ہماری حدود متعین کرتے ہیں۔ ان اہم پالتو خوبصورت جانوروں کے بارے میں مجھے یہ اندازہ کرنے میں مشکل پیش آرہی ہے کہ 'اب ان کے لیئے موزوں رہائش کا بندوبست کیسے کیا جائے'۔ یہ آخر اس تھیلے سے باہر آئے ہیں جو عمر و عیار کی زنبیل سے بھی ہمیشہ زیادہ پرسرار رہا ہے کہ یہ صرف کہانی کاروں کا نہیں بلکہ طاقت کی لش پش اور بھول بھلیوں کا تھیلا ہے۔

مجھے ایک دوست نے فون کیا اور کہا 'بہت ہو گیا ہمیں اس سلسلے میں کچھ کرنا چاہیے'۔ میں نے اس کی مکمل تائید کی۔ مجھے ایک اور دوست نے فون کیا جو صحافت کے اس گھٹیا کام کی ہمسفر ہے ' ہم تو ڈوب گیے' میں نے اس سے بھی اتفاق کیا۔ پھر ایک اور دوست نے فون کیا 'یہ انوسٹیگیٹو سٹوریز کرنے کا بہترین موقعہ ہے'، میں بہت متاثر ہوا اور میں نے اس کا شکریہ ادا کیا کہ اس معاملے میں میرا اس طرف دھیان ہی نہیں گیا تھا۔

مگر میری بدقسمتی یہ ہے کہ میں ابھی تک سوچ رہا ہوں کہ اس تھیلے سے بلونگڑے نکلنے بند ہوں تو میں ان کی رہائش کا ان کے حیثیت کے حساب سے کوئی انتظام سوچوں جس کے بعد میری مزدوری پر کوئی حرف نہ آئے۔

آپ سے مشورے کی درخواست ہے۔


80x80-sheikh-peer-karancheewallaشیخ پیر کا کبھی کویی مرید بننے نہیں آیا ورنہ اسے معلوم ہوجاتا کہ حضرت مفرور ہیں اور  کرانچی والا کا لقب دھوکہ دینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں