فائل فوٹو

ماسکو: روسی دارالحکومت ماسکو کے نفسیاتی اسپتال میں آگ لگنے سے 38 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

روس کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رامینسکی کے علاقے میں واقع اسپتال کی چھت پر لگنے والی آگ انتہائی تیزی سے پورے اسپتال میں پھیل گئی۔

وزارت صحت کے ترجمان اولیگ سلاگئی نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق اب تک 38 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وزارت ایمرجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارا ماننا ہے کہ جس وقت آگ لگی اس وقت 41 افراد عمارت میں موجود تھے جن میں سے 38 مریض اور 3 عملے کے ارکان تھے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ آدھی رات کے قریب لگنے والی آگ میں سے 12 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں اور آگ کو بجھا دیا گیا ہے۔

روس کے حکومتی اداروں جیسے اسکول، اسپتال، بوڑھوں کی رہائش گاہ اور دیگر میں گزشتہ کچھ سالوں کے دوران آگ لگنے کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جس سے حفاظتی اقدامات اور حفاظتی راستوں پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

روس میں 2011 میں آگ لگنے کے مختلف واقعات میں 12 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 2012 کے ابتدائی نو ماہ میں 7 ہزار سات سو افراد اس طرح کے واقعات میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔

وزارت ایمرجنسی کا کہنا ہے کہ آگ رات 2 بجکر 20 منٹ پر لگی لیکن وہ آگ لگنے کی وجہ نہیں بتا سکے۔

تبصرے (0) بند ہیں