پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں ایک رکن صوبائی اسمبلی کے حجرے میں فائرنگ سے چھ افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق لوئر دیر کے علاقے چکدرہ میں قومی وطن پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور رکن صوبائی اسمبلی بخت بیدار کے حجرے میں دو فریقین کے درمیان راضی نامے کے لیے جرگہ جاری تھا کہ اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔

فائرنگ سے چھ افراد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں بخت بیدار کے بھائی اسحاق اور دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

اسحاق تحصیل چکدرہ کا سابق ناظم او قومی اسمبلی کے حلقہ این اے چھتیس لوئر دیر سے قومی وطن پارٹی کے امیدوار بھی تھے۔

لاشوں اور زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کواٹر ہسپتال بٹ خلیہ منتقل کر دیا گیا۔

ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

واضح رہے کہ بخت بیدار عمرے کی ادائیگی کے لیے ملک سے باہر ہیں۔

کرک میں پرانی دشمنی پر فائرنگ، تین ہلاک

کرک: پاکستان صوبہ خیبرپختون خوا کے ضلع کرک میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور خاتون اور راہ گیر سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کرک کے تھانے صابر آباد کی حدود طورمرچ میں پرانی دشمنی پر فریقین نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ واقعہ کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں