عمران خان خیبرپختونخوا کیوں بندنہیں کرواتے؟، حکومت کا سوال

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید  ۔ ۔ ۔ فائل فوٹو
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید ۔ ۔ ۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: تحریک انصاف کی جانب سے ملک کے تین بڑے شہروں میں پہیہ جام اور پھر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرنے پر وفاقی وزراء نے عمران خان کو خیبر پختونخوا بند کروانے کا مشورہ دیا۔

لوگ جلسے میں نہیں آئے،پرویز رشید

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان جلسے میں صرف اپنی ناکامی کا رونا رویا، عمران خان کا چہرہ لوگوں نے دیکھ لیا ہے اس لئے جلسے میں نہیں آئے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ انتخابات میں دھاندلی کے مجرم نہیں بلکہ وزارت عظمیٰ ڈھونڈھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اضافی بیلٹ کی بات صرف عمران خان جیسا بے وقوف ہی کر سکتا ہے۔

پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ روٹی اور عمران خان کی صورت کو ترس رہے ہیں۔

عمران خان خیبر پختونخوا کیوں جام نہیں کرتے؟ ، عابد شیر علی

وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا کو کیوں نہیں جام کرتے تحریک انصاف صرف پنجاب کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے ان کا رویہ غیر مناسب اور غیر جمہوری ہے۔

ڈان نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پلان اے اور بی ہوا میں اڑ گیا جبکہ پلان سی نالہ لئی میں بہہ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیے، عمران خان دھاندلی کے ثبوت لے کر سپریم کورٹ جائیں، تحریک انصاف 2018 تک دھرنا جاری رکھیں، بات میز پر ختم ہوگی۔

عمران خان دھاندلی سے الیکشن میں کامیاب ہوئے، سعد رفیق

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کے بغل بچہ تھے، دھاندلی سے مجھے نہیں عمران خان کو کو انتخابات میں کامیاب کروایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی کی کردار کشی کر کے عمران خان کو انتخابات میں جتوایا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 16ماہ میں الیکشن ٹریبونل میں ایکسٹرا ووٹ کی شکایت نہیں کی۔

عمران کا واضح ایجنڈا ملک بند کروانا ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا واضح ہو گیا، ملک بند کرانا چاہتے ہیں۔

ڈان نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نےمذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، 30نومبر کا انتطار تھا، تحریک انصاف سے مذاکرات کو آگے بڑھائیں گے۔

وفاقی وزیر کا دعوی تھا کہ حکومت پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے رابطے کرتی رہی ہے لیکن عمران خان شیخ رشید کے زیر اثرہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

راضیہ سید Dec 01, 2014 11:51am
کہا یہ جاتا ہے کہ خدا لگتی بات کوئی بھی کہے تو اسے بغیر کسی اختلاف کے قبول کرنا چاہیے ، اسکے مضمرات پر غور کرنا چاہیے ۔ پی ٹی آئی کے رکن علی محمد خان ایک ٹاک شو میں یہ کہتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں کہ وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھنے یا پارلیمنٹ پر قبضہ کرنے سے کوئی وزیر اعظم نہیں بن جاتا دوسری طرف عمران خان ملک کو بند کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں ، پورے ایک سو نو دن کے دھرنے میں انھوں نے کیا کر لیا یہ سب نے دیکھ ہی لیا کہ موسیقی کے میدان میں ترقی ہوئی ، نئے نئے فنکار منظر عام پر آئے ، لوگوں کے کاروبار چلے ، غیر ملکی میڈیا نے بھی ایک طوفان بدتمیزی دیکھا ، عمران خان کی زبان دانی بھی ملاحظہ ہوئی ، طرح طر ح کے موبائل پیغامات بھی وجود میں آئے ، فرینڈ شپ کے ایک نئے تصور کو ایک نئے پاکستان نے بھی دیکھ لیا کہ کون کہاں کہاں سے کس کس سے ملاقات کے لئے آیا ؟ اب سب باتیں تو رہنے دیں ، کہ کچھ پردہ داری بھی ہونی چاہیے تاہم عمران خان یہ بات ضرور بتائیں کہ ایک طرف وہ کہتے ہیں کہ قربانی کی کھال شوکت خانم کو دو ، زکوۃ ، فطرانہ شوکت خانم کے لئے ، لیکن جلسوں کے لئے اتنی فینڈنگ کون رہا ؟ اس راز سے بھی پردہ اٹھا دیجئے ناں کیونکہ ایک ایک جلسے پر کم ازکم بیس سے تیس لاکھ لگ رہا ہے اب یہ پیسہ کہاں سے آرہا ہے اسکی تحقیق کرنا میری اور آپکی ذمہ داری ہے