ہندوستان: جیل سے 15 ماؤ باغی فرار، 5 ہلاک

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2014
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

رانچی: ہندوستان کی ریاست جھار کنڈ میں عدالت سے واپسی پر 15 قیدی فرار اور 5 ہلاک ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق ہلاک شدگان اور فرار ہونے والے تمام قیدی ماؤ باغی ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق قیدیوں کو عدالت سے واپسی پر ڈسٹرکٹ سنگھ بہم میں چائے باسا جیل لایا جا رہا تھا۔

ہندوستان ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ 55 قیدیوں کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جن کو جیل واپس لایا جا رہا تھا جب قیدیوں کی ایک گاڑی سے 20 افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق جیل کے پہلے دروازے سے قیدیوں کی گاڑی اندر آ چکی تھی جبکہ دیگر اس کے پیچھے تھیں جب دوسرے مرکزی دروازے کو قیدیوں کی گاڑی نے پار کیا تو ایک قیدی نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں سرخ مرچ پھینک دی اور باہر کی جانب دوڑ لگا دی۔

قیدیوں کے بھاگتے ہی پولیس نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے 5 قیدی ہلاک ہوئے جبکہ 5 کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں البتہ دیگر تمام قیدی با آسانی فرار ہو گئے۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے قیدیوں کو ماؤ باغی قرار دیا ہے جن میں ماؤسٹ ٹیپا داس اور رام ویلاس تاتی بھی شامل ہیں جبکہ فرار ہونے والوں میں 7 اہم ماؤ باغی شامل ہیں، دیگر فرار ہونے والے بھی باغیوں کے حامی بتائے جاتے ہیں۔

پولیس نے پورے ضلع کی ناکہ بندی کر دی البتہ وہ 15 قیدیوں میں سے کسی کو بھی گرفتار نہیں کر سکی۔

واضح رہے کہ ماؤ باغیوں نے 2003 سے مسلح کارروائیاں تیز کی تھیں ہندوستان کی وسطی ریاستیں چھتیس گڑھ، اڑیسا، بہار، جھار کنڈ، مہاراشٹر اور مغربی بنگال میں ان کے مراکز قائم ہیں۔

ہندوستان کی 76 اضلاع میں ماؤ باغی حکومت کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ 106 سے زائد اضلاع میں ان کی حمایت موجود ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں