جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہوگی، عمران خان

25 فروری 2015
عمران خان—اے ایف پی فائل فوٹو۔
عمران خان—اے ایف پی فائل فوٹو۔

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو دفاعی حکمت عملی چھوڑ کر جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہوگی، تب ہی کامیابی مل سکتی ہے۔

پاکستانی ٹیم اب تک ورلڈ کپ میں اپنے دونوں میچوں میں بری طرح ناکام رہی ہے جہاں ہندوستان کے خلاف گرین شرٹس کو 76 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی قومی ٹیم 150 رنز شے ناکام رہی۔

شکستوں سے دوچار پاکستانی ٹیم کو ایک اور تنازعہ اس وقت جھیلنا پڑا جب سیلیکٹر معین خان کے کیسینو جانے کی خبریں منظر عام پر آگئیں جنہیں اب وطن واپس بلالیا گیا ہے۔

مسلسل ناکامیوں کے باعث پاکستانی ٹیم سابق کھلاڑیوں کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں ہے

دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا آئندہ آنے والے میچوں میں جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔

1992 ورلڈ کپ جیتنے والی اسکواڈ کے کپتان عمران خان نے مشورہ دیا کہ پاکستانی ٹیم میں چار اسپیشلسٹ بیٹسمین اور اسپیشلسٹ وکٹ کیپر کو شامل کرنا چاہیے۔

پاکستان اتوار کو بریسبین میں زمبابوے کے خلاف ورلڈ کپ میں اپنا تیسرا میچ کھیلے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں