اکشے 'ایک پیسہ' نہیں لیں گے

اپ ڈیٹ 05 مارچ 2015
اکشے کمار اپنی آنے والی فلم 'ایئر لفٹ' کے لیے معاوضے کے بجائے فلم کے منافع کا 80 فیصد لیں گے—۔فوٹو/ اوپن میڈیا سورس
اکشے کمار اپنی آنے والی فلم 'ایئر لفٹ' کے لیے معاوضے کے بجائے فلم کے منافع کا 80 فیصد لیں گے—۔فوٹو/ اوپن میڈیا سورس

اسٹنٹس کے ماہر اور خطروں کے کھلاڑی کے نام سے پہچانے جانے والے اکشے کمار کا شمار بولی وڈ انڈسٹری کے امیر ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔

لیکن خبریں یہ ہیں کہ اکشے اپنی آنے والی فلم ایئر لفٹ کے لیے 'ایک پیسہ' نہیں لیں گے، بلکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ معاوضے کے بجائے وہ فلم کے منافع کا 80 فیصد حاصل کریں گے۔

ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فی الوقت اکشے کے پاس بہت ساری فلمیں ہیں لیکن انھیں 'ایئر لفٹ' کی کامیابی کے آثار نظر آرہے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ 30 کرور روپے کے کثیر بجٹ سے بنائی جانے والی یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہوگی۔

یہی وجہ ہے کہ اکشے کمار نے سمجھداری کا ثبوت دیتے ہوئے فلم کے معاوضے کے بجائے اس کے منافع کا 80 فیصد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھوشان کمار، نیکھل ایڈوانی اور وکرم ملہوترا کی پروڈکشن میں بننے والی فلم 'ایئر لفٹ' ، جس کی ہدایات راجا کرشنا مینون نے دی ہیں، جنوری 2016 میں ریلیز کی جائے گی۔

اکشے اس فلم میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایک ارب پتی کا کردار ادا کریں گے جبکہ فلم کے مرکزی اداکاروں میں نمرت کور کا نام بھی شامل ہے، جو اکشے کی بیوی کا کردار نبھائیں گی۔

فلم 'ایئر لفٹ' 1990 میں خلیجی ممالک کی جنگ کے پس منظر پر بنائی جائے گی جس میں کویت میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کے انخلا میں حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات کو اجاگر کیا جائے گا۔

بشکریہ: انڈین ایکسپریس

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں