بلوچستان: ہتھیار ڈالنے والوں کو عام معافی کا اعلان

27 جون 2015
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ۔ فائل فوٹو۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ۔ فائل فوٹو۔

کوئٹہ: بلوچستان کی ایپکس کمیٹی نے جمعے کو ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسندوں کے لیے عام معافی کا اعلان کردیا۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے تمام عناصر کی بحالی کے لیے کام کرے گی تاہم ہتھیار نہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

کمیٹی کی صدارت وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کررہے تھے جبکہ دیگر شرکا میں سدرن کمانڈ کے کمانڈر لیفٹنینٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفروز بگٹی اور دیگر اعلیٰ شخصیات شامل تھیں۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمیٹی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد ختم کرنے والوں کی بحالی کے لیے کام کریں گی۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کو دہشت گرد اور عسکریت پسند تنظیموں کو فنڈز فراہم کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا جس پر فیصلہ کیا گیا کہ ایف آئی اے، کسٹمز، نیب اور پولیس مشترکہ طور پر معاملہ کی تحقیقات کریں ۔

کمیٹی کو اجلاس کے دوران صوبے میں موجود افغان پناہ گزینوں کی موجودگی اور مدرسوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے اسٹاف کو بلوچستان بھر میں مدرسوں کی رجسٹریشن کا ٹاسک دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر مشورہ دیا کہ افغان پناہ گزینوں کا معاملہ مرکزی حکومت کے سامنے پیش کیا جائے اور صوبائی حکومت اس پر اپنا نقطہ نظر پیش کرے جسے منظور کرلیا گیا۔

اجلاس میں موجود ایف سی افسران نے کراچی جانے والی بسوں پر حملوں کے بعد مستونگ اور قلات میں آپریشنز کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ پولیس حکام نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گرد حملوں کے بعد سیکیورٹی صورت حال پر بریف کیا۔

کمیٹی نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Muhammad Ayub Khan Jun 27, 2015 02:23pm
Bohat achee baat hey --- lekin in sab ka record zaroor rakhiyey gaa
Muhammad Ayub Khan Jun 27, 2015 02:24pm
eik hi shakhs ko do defaa aam muafii mat dijiye gaa--khiyal rakhiye gaaa--- doosarii defa latkaayiye ga ---siyasi muslehtoN sey pak ho kar