سانحہ منیٰ : جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد 102 ہوگئی

16 اکتوبر 2015
منیٰ حادثہ 24 ستمبر کو رمی کے دوران بھگدڑ  سے پیش آیا تھا ۔۔۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
منیٰ حادثہ 24 ستمبر کو رمی کے دوران بھگدڑ سے پیش آیا تھا ۔۔۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: سانحہ منیٰ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی حاجیوں کی تعداد 102 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 15 پاکستانی حجاج تاحال لاپتہ ہیں۔

وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری نئی فہرست کے مطابق سانحے کے حوالے سے سعودی حکام نے اب تک 81 پاکستانی حاجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ 21 کی تصدیق جاں بحق ہونے والوں کے رشتہ داروں نے کی۔

ویڈیو دیکھیں : سانحہ منیٰ: سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز کی حقیقت

لاپتہ پاکستانی حاجیوں کے حوالے سے نئی فہرست میں کہا گیا ہے کہ 15 حجاج تاحال لاپتہ ہیں جن میں سرکاری اسکیم کے تحت جانے والے ایک اور نجی طور پر جانے والے 8 حجاج شامل ہیں جبکہ دیگر 6 لاپتہ حجاج اقامہ پر حج کے لیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ سانحہ منیٰ کے دو روز بعد صرف 8 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی تھی گزشتہ 22 روز کے دوران اس تعداد میں متواتر اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب 102 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جاں بحق افراد میں اضافہ لاپتہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد ہو رہا ہے.

ڈان نیوز کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید 15 حجاج کو شناخت کے بعد مکہ مکرمہ میں سپرخاک کردیا گیا۔

یہ پڑھیں : سانحہ منیٰ: جاں بحق حجاج کی تعداد 769 ہو گئی

سپردخاک کیے جانے والے حجاج میں کراچی سے تعلق رکھنے والے یامین، تاج مینا، بخت زمان خان، میر کاظم، عبد الغنی، اسکردو کے غلام محمد، عبد الرحیم، مکران کی عائشہ ندیم، جھنگ کے سراج الدین، گجرات کے اصغر علی، خالدہ بیگم، میر پورآزاد کشمیر کی سیدہ نرجیس شہناز، اپر دیر کی طاہرہ بیگم اور بنوں کی ایک خاتون شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 22 روز قبل منیٰ میں 24 ستمبر کو رمی کے دوران بھگدڑ سے پیش آیا تھا جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تصدیق کا عمل تاحال جاری ہے.

یہ بھی پڑھیں : حج کے دوران پیش آنے والے سانحات

سانحہ منیٰ میں سعودی عرب کی جانب سے 769 حاجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی۔

چند روز قبل امریکی خبر رساں ادارے (اے پی) کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ منیٰ کے بھگدڑ حادثے میں 19 ممالک کے 1400 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں سب سے زیادہ تعداد ایرانی حاجیوں کی تھی۔

مزید پڑھیں : ’سانحہ منیٰ میں 99 پاکستانی جاں بحق ہوئے‘

چند روز قبل سینیٹ کے اجلاس میں سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سانحہ منیٰ میں جاں بحق پاکستانی حجاج کی تعداد 99 بتائی تھی۔

اپوزیش اراکین نے سردار یوسف کے جواب پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس سے علامتی واک آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان سے رواں برس ایک لاکھ 43 ہزار 6 سو 68 عازمین حج کی ادائیگی کے لیے گئے تھے جن کی واپسی کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

SMH Oct 16, 2015 01:54pm
بخشو بیچارے کو اتنا بڑا صدمہ ایک دم برداشت کرنے کی ہمت نہی،،اس لیے ہر روز کچھ تعداد بڑھای جارہی ہے۔
M Ayub Khan Oct 16, 2015 05:54pm
Mina concentration camp should be closed and a new ccomfortable tent village/town should be constructed in place. All roads of the consentration camp must be two way.