شاہ بندر: جزیرے پر آتشزدگی، 11 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 07 فروری 2016
ابراہیم جت نامی جزیرہ شاہ بندر سے بھی ایک گھنٹے سے زائد کی دوری پر ہے... فوٹو: اسکرین شاٹ
ابراہیم جت نامی جزیرہ شاہ بندر سے بھی ایک گھنٹے سے زائد کی دوری پر ہے... فوٹو: اسکرین شاٹ

کراچی: سندھ کے ساحلی علاقے شاہ بندر کے قریب ایک جزیرے پر آتش زدگی سے بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق جزیرے ابراہیم جت گوٹھ میں رات میں کسی وقت آگ لگی جس نے صبح کے اوقات میں شدت اختیار کی ، شدید آگ سے متعدد جھونپڑیاں جل گئی۔

ان جھونپڑیوں میں اس جزیرے پر رہنے والے ماہی گیر اور ان کے اہخانہ موجود تھے۔

مقامی ذرائع سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق جونپڑیوں میں رات کو روشنی کے لیے لالٹین جلائی گئی تھی جو کہ کسی وقت گر گئی اور اس سے آگ لگی، آگ نے شدت اس وقت اختیار کی جب اس نے تیل کے ڈرم کو اپنی لپیٹ میں لیا۔

رپورٹس کے مطابق ابراہیم جت گوٹھ کیٹی بندر سے 35 کلومیٹر دور وٹھو جزیرے پر ہے، دور ہونے کی وجہ سے وہاں تک پہنچنے کے لیے کشتی میں ایک گھنٹے کا وقت لگتا ہے اس لیے امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات پیش آئیں۔

شدید آگ سے کئی جھونپڑیاں لپیٹ میں آئیں جس سے ان جھونپڑیوں میں سوئے ہوئے 4 بچوں،2 خواتین سمیت 11 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 5 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوئے۔

ہلاک ہونے والوں میں میرو جت، ان کی بیوی رازی جت ان کے 4 بچے عزیز اللہ، اسلام، عبد الحمید، اور بیٹی شکیلہ کے علاوہ سامی نامی خاتون، شکیل احمد جت، نبی بخش جت، داد جت اور غلام محمد شامل تھے.

زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کے لیے ریسکیو حکام نے فوری طور پر کشتیاں روانہ کر دیں تھیں جبکہ ٹھٹھہ سے سڑک کے راستے ان کو لانے کا انتظام کیا گیا۔

شاہ بندر کے قریب واقع جزائر میں متعدد پر جت قبیلہ آباد ہے جبکہ ان جزائر کے رہنے والوں کا ذریعہ معاش ماہی گیری ہے، یہ ماہی گیر عمومی طور پر ڈیزل سے چلنے والی کشتیاں استعمال کرتے ہیں جس کا ذخیرہ وہ اپنے گھروں میں محفوظ رکھتے ہیں.

واقعہ کی رپورٹ طلب

وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کیٹی بندر کے قریب جزیرے میں جھونپڑیوں میں لگنی والی آگ سے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا.

سید قائم علی شاہ نے ڈپٹی کمشنر سے جھونپڑیوں میں آگ لگنے کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں