عراق: 5 خود کش حملوں میں 6 افراد ہلاک

15 مئ 2016
بغداد کے قریب کمپلکس میں خود کش دھماکوں میں 6 افراد ہلاک ہوئے — فوٹو: اے ایف پی
بغداد کے قریب کمپلکس میں خود کش دھماکوں میں 6 افراد ہلاک ہوئے — فوٹو: اے ایف پی

بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد کے قریب ایک کماؤنڈ میں متعدد حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے پولیس چیف کرنل علی السوائی کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 14 خود کش بمبار علی الصبح ایک اماریت فلوجہ ٹاؤن کے کمپلکس میں داخل ہوئے، جس میں رہائشی عمارتوں کے ساتھ ساتھ پولیس اسٹیشن اور متعدد سرکاری دفاتر بھی موجود تھے۔

پولیس چیف کا کہنا تھا کہ 5 خود کش حملہ آوروں نے فورسز سے جھڑپوں کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دیگر حملہ آوروں نے عمارت پر قبضہ کرلیا جنھیں بعد ازاں فورسز نے مسلح مقابلے کے بعد ہلاک کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں 5 پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہوا جبکہ 18 افراد زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: عراق میں 3 کار بم دھماکے، 88 افراد ہلاک

خود کش حملہ آوروں نے جس علاقے کو نشانہ بنایا تھا یہ عراقی شہر فلوجہ سے جنوب میں کچھ فاصلے پر ہے جو داعش کے زیر کنٹرول صوبہ انبار کا ایک اہم شہر ہے، اور یہ علاقہ بغداد کے مغرب میں 40 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

خیال رہے کہ داعش کے کنٹرول میں مغربی اور شمالی عراق کے بیشتر علاقے ہیں، جن میں ملک کا اہم ترین شہر موصل بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ کچھ ماہ سے امریکی فضائیہ اور فوجی مدد کے ذریعے عراقیی فورسز نے داعش سے کچھ علاقے واپس لیے ہیں تاہم اس کے بعد داعش کی جانب سے عراقی شہروں میں خود کش دھماکوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔

صرف رواں ہفتے میں ہی بغداد میں ہونے والے متعدد دھماکوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں