اولمپکس سے قبل 31 کھلاڑیوں پر پابندی کا امکان

اپ ڈیٹ 18 مئ 2016
برازیل کے شہر ریو دی جنیرو میں پانچ اگست سے اولمپک 2016 کا آغاز ہو گا۔ فوٹو رائٹرز
برازیل کے شہر ریو دی جنیرو میں پانچ اگست سے اولمپک 2016 کا آغاز ہو گا۔ فوٹو رائٹرز

لندن: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی(آئی او سی) نے کہا ہے کہ ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی کے سبب چھ کھیلوں سے تعلق رکھنے والے دنیا کے 31 ایتھلیٹس کی اولمپک 2016 میں شرکت پر پابندی لگنے کا امکان ہے۔

2008 میں بیجنگ میں ہونے والے اولمپکس میں 454 سیمپلز میں سے 31 ایتھلیٹس کے سیمپل میں ممنوع ادویہ کے استعمال کی نشاندہی ہوئی تھی جس کے بعد یہ فیصلہ عمل میں لایا گیا۔

اولمپک کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے روس کے سابق اینٹی ڈوپنگ سائنسدان نے الزام عائد کیا تھا کہ ضائع شدہ سیمپل کے نمونے لیے گئے اور اسی وجہ سے 2014 کے سرمائی اولمپکس میں لیے گئے نمونوں کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا جبکہ لندن گیمز کے بھی کم و بیش 250 سیمپلز کے ٹیسٹوں کے نتائج کا بھی انتظار کیا جا رہا ہے۔

کمیٹی نے کہا کہ اولمپک میں دھوکا دہی کے عمل کو ناکام بنانے کیلئے پانچ اگست سے شروع ہونے والے ریو اولمپک میں شرکت کرنے والے ایتھلیٹس میں سے کسی بھی ہدف بنا کر دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے اور جن کے ٹیسٹ مثبت آئیں گے ان کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کہا کہ جب تک ایتھلیٹس کو مطلع نہیں کیا جاتا اور دوسرے نمونے کے ٹیسٹ نہیں لیے جاتے اس وقت تک کسی کے نام بھی منظر عام پر نہیں لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد آے والے اولمپکس میں ممنوع ادویہ کے استعمال کے ذریعے دھوکا دینے والے ایتھلیٹس کو روکنا ہے، ایگزیکٹو بورڈ نے اس پر فوری طور پر عمل کرنے پر مکمل اتفاق کیا ہے اور 12 ملکوں کی متعلقہ نیشنل اولمپک کمیٹیوں کو اس بارے میں آنے والے دنوں میں آگاہ کردیا جائے گا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے تعاون سے معمول کے مطابق کسی بھی ایتھلیٹ کا ٹیسٹ لیتی ہے تاکہ وہ کسی بھی قسم کی ممنوع یا نئی دوا کے استعمال کا پتہ لگا سکے۔

اولمپک 2016 کا انعقاد برازیل کے شہر ریو دی جنیرو میں پانچ سے 21 اگست تک ہو گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں