اورلینڈو: امریکا کی ریاست فلوریڈا کے جنوبی شہر اورلینڈو میں واقع ڈزنی گرینڈ فلوریڈین ریسورٹ اینڈ اسپا جھیل میں مگر مچھ کی جانب سے پانی میں گھسیٹ لے جانے والے دو سالہ بچے کی لاش مل گئی۔

دو روز قبل بچہ اپنے والدین کے ساتھ جھیل میں گھومنے آیا تھا، بچہ اپنے بہن بھائی کے ساتھ جھیل کے کنارے کھیل رہا تھا، اسی دوران مگرمچھ نے اچانک بچے پر حملہ کردیا اور گھسیٹتے ہوئے جھیل کے اندر لے گیا تھا۔

واضح رہے کہ حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ شائد مگرمچھ نے بچے کو نگل لیا ہو۔

پولیس افسر ڈیمنگز نے بتایا کہ بچے کی لاش درست حالت میں موجود ہے، البتہ اس کے جسم پر زخم کے نشانات نظر آرہے ہیں، بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: 2سالہ بچے کو مگر مچھ نگل گیا

انہوں نے بتایا کہ بچے کی موت ممکنہ طور پر ڈوبنے سے ہوئی کیوں کہ لاش اس مقام سے 10 سے 15 گز کے فاصلے سے ملی ہے جہاں سے مگرمچھ اسے گھیسٹتے ہوئے پانی کے اندر لے گیا تھا۔

ڈیمنگز نے بتایا کہ بچے کی شناخت لین گرویز کے نام سے ہوئی ہے، اس کے والدین میٹ اور میلسا گرویز کا تعلق امریکی ریاست نیبراسکا سے ہے۔

خیال رہے کہ 50 پولیس اہلکار اور جنگلی حیات کےماہرین کی ٹیم ،کشتی اور ہیلی کاپڑ کی مدد سے بچے کو تلاش کررہے تھے، جبکہ غوطہ خوروں کی ٹیم بھی مگرمچھ کو پکڑنے کے لیے کوشاں تھی۔

حکام کا خیال ہے کہ مگرمچھ کا سائز 4 تا 7 میٹر لمبا تھا۔

حکام نے بچے کی تلاشی کے دوران 7 مگرمچھوں کو مار دیا تھا تاہم یقینی طور پر وہ نہیں کہہ سکتے کہ ان 7 مگرمچھوں میں سے کس نے بچے پر حملہ کیا تھا۔

واقعہ کے بعد ڈزنی کے گرینڈ فلوریڈین ریزورٹ اینڈ اسپا جھیل کو مکمل طور پر بند کردیا گیا، جھیل کے پاس نو سوئمنگ کا بورڈ تو آویزان تھا تاہم اس پر مگر مچھوں سے ہوشیار رہنے کا کوئی انتباہ درج نہیں تھا۔

بچے کی لاش ملنے کے بعد ڈزنی کے گرینڈ فلوریڈین ریزورٹ اینڈ اسپا جھیل کے ترجمان نے ٹوئٹر ہر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ہمیں بچے کی ہلاکت کا بے حد افسوس ہے، دکھ کی گھڑی میں ہمارے احساسات اور جذبات بچے کے والدین کے ساتھ ہیں۔

پولیس کی جانب سے بھی بچے کی تصویر جاری کر دی گئی ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں