امریکی ماڈل کم کارڈیشین لُٹ گئیں

03 اکتوبر 2016
امریکی ماڈل کم کارڈیشین ویسٹ — فوٹو/ فائل
امریکی ماڈل کم کارڈیشین ویسٹ — فوٹو/ فائل

پیرس: امریکی ماڈل، اداکارہ اور بزنس وومن کم کارڈیشین ویسٹ کو پیرس میں ان کے ہوٹل کے کمرے میں نقاب پوش افراد نے لوٹ لیا اور ان سے کئی ملین یوروز اور قیمتی زیورات لے کر فرار ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کم کارڈیشین کی ترجمان اینا ٹریکیوکاس نے ایک بیان میں بتایا کہ ’کم کارڈیشین ویسٹ کو پیرس میں ان کے ہوٹل کے کمرے میں اتوار (2 اکتوبر) کی شام پولیس کی وردی میں ملبوس دو افراد نے سر پر بندوق تان کر لوٹا‘۔

پیرس پولیس کے مطابق اس ڈکیتی میں کئی ملین یوروز اور قیمتی زیورات چوری ہوئے اور اس حوالے سے تفتیش کا آغاز کیا جاچکا ہے۔

ترجمان اینا ٹریکیوکاس کا مزید کہنا تھا کہ 'کم کارڈیشین ویسٹ کو اس واقعے میں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا تاہم وہ کافی گھبرائی ہوئی ہیں۔'

اس واقعے کی خبر ملتے ہی کم کارڈیشین کے شوہر گلوکار کینیے ویسٹ جو کہ نیو یارک میں میڈوز فیسٹیول میں پرفارم کررہے تھے، اپنی پرفارمنس ادھوری چھوڑ کر پیرس روانہ ہوگئے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں کم کارڈیشین کے شوہر نے شائقین کو پیغام دیا کہ ’میں معذرت خواں ہوں، ایک فیملی ایمرجنسی کے باعث مجھے شو روک کر جانا پڑ رہا ہے‘۔

کینیے ویسٹ کو اسٹیج پر آئے ایک گھنٹے سے بھی کم ہوا تھا جب انہیں وہاں سے واپس جانا پڑا، تاہم انہوں نے ایمرجنسی کی کوئی وجہ نہیں بتائی تھی۔

واضح رہے کہ کم کارڈیشین ویسٹ اپنی بہنوں کے ہمراہ پیرس میں ایک میگزین شوٹ کے لیے موجود تھیں، انھوں نے پیرس میں ہونے والے فیشن ویک میں بھی شرکت کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں