’برطانیہ پاک - بھارت مذاکرات کی بحالی میں کردار ادا کرے‘

24 اکتوبر 2016
اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور نے برطانوی مشیر کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا— فوٹو/ اے پی پی
اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور نے برطانوی مشیر کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا— فوٹو/ اے پی پی

اسلام آباد: پاکستان نے برطانیہ پر زور دیا ہے کہ وہ پاک بھارت مذاکرات کی بحالی اور ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے برطانوی قومی سلامتی کے مشیر سر مارک لیال گرانٹ سے ملاقات میں کہا کہ ’اس خطے سے تاریخی وابستگی ہونے کے ناطے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے برطانیہ زور دے کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور پاکستان کے ساتھ مذاکراتی عمل بحال کرے تاکہ دونوں ملک پر امن طریقے سے اپنے اختلافات حل کرسکیں‘۔

اس موقع پر طارق فاطمی نے برطانوی عہدے دار کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک - ہندوستان تنازعات کے حل کیلئے امریکی مدد طلب

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے جبکہ طارق فاطمی نے مارک گرانٹ کو کشمیر کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

سر گرانٹ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان نے خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

طارق فاطمی نے اس موقع پر افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی جس میں افغان حکومت کی قیادت میں چار فریقی رابطہ گروپ کے تحت مفاہمتی عمل بھی شامل ہے۔

معاون خصوصی نے پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری درست سمت کی جانب گامزن ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کی ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی

اس مناسبت سے طارق فاطمی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف اور برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کے درمیان ہونے والے خوشگوار ملاقات کا بھی حوالہ دیا۔

طارق فاطمی نے ملک میں بہتر ہوتی ہوئی سیکیورٹی کی صورتحال اور پاکستانی معیشت کی بحالی میں اس کے مثبت اثرات پر بھی بات چیت کی۔

سر گرانٹ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام نے کئی قربانیاں دیں اور کامیابیاں بھی حاصل کیں جبکہ انہوں نے پاکستان کے لیے برطانیہ کا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سر گرانٹ کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا کہ سرحد پر فائرنگ کے تازہ واقعے میں دو خواتین اور دو بچے زخمی ہوئے۔

یہ خبر 24 اکتوبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


تبصرے (0) بند ہیں