اسلام آباد: سندھ میں سی این جی کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار اسٹیشن مالکان کو حاصل ہونے کے بعد انہوں نے صوبے بھر میں قیمت میں ساڑھے 3 روپے فی کلو تک اضافہ کردیا۔

قیمت میں ہونے والے اس اضافے کے بعد کراچی اور اندرون سندھ سی این جی کی قیمت 71 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل ہی سندھ میں سی این جی کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار سی این جی مالکان کو دیا گیا تھا، جس کے بعد سی این جی کی قیمت میں کسی بھی ردوبدل کے لیے مالکان کو آئل ایند گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے کسی اعلامیے کی ضرورت نہیں رہی۔

پنجاب میں سی این جی کا شعبہ پہلے ہی ڈی ریگولیٹ کیا جاچکا تھا جس کے بعد سندھ اور خیبرپختونخوا میں بھی سی این جی مالکان کو نئی قیمتوں کے تعین کے ساتھ اپنے منافع میں اضافے کا اختیار سونپ دیا گیا۔

سی این جی اسٹیشن مالکان کہتے ہیں کہ یہ اضافہ منافع بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سی این جی قیمت مقرر کرنے کا اختیار مالکان کو دے دیا گیا

واضح رہے کہ قیمتوں میں اضافے کے اختیار کے فیصلے کے وقت سی این جی مالکان کی جانب سے حکومت کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ سی این جی کی قیمت کو پٹرول کی قیمت سے 30 فیصد سستا رکھا جائے گا۔

سی این جی مالکان کی جانب سے کافی عرصے سے یہ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ انہیں کئی حوالوں سے مشکلات کا سامنا ہے اور ان کے منافع کا مارجن بہت کم ہے۔

حالیہ اضافے کے بعد سی این جی کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے سے 3 روپے 50 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مالکان اپنی سروس کو سامنے رکھتے ہوئے قیمت وصول کریں گے۔

سی این جی مالکان کے مطابق دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی سی این جی کی قیمت میں اضافہ کیا جائے گا، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مالکان ایف بی آر سے معاملات طے کرنے میں مصروف ہیں جس کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا، بالخصوص 1 جنوری 2017 میں پٹرول کی نئی قیمت سامنے آنے کے بعد کے پی اور بلوچستان میں سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Dec 29, 2016 07:23pm
السلام علیکم: سی این جی کی قیمت کو پٹرول کی قیمت سے 30 فیصد سستا رکھا جائے، اس کا مطلب یہ ہے کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے سی این جی کی قیمت خود بخود بڑھ جائے گی، واہ بھئی واہ نواز حکومت کے فیصلوں کی ، اوگرا کی خودمختاری چھینے کے بعد مزید سرپرائز آنے کی توقع ہے۔ خیرخواہ