ایمی اور آسکرز کے بعد پریانکا گولڈن گلوب ایوارڈز کا بھی حصہ

31 دسمبر 2016
پریانکا چوپڑا کا شمار بولی وڈ کی کامیاب اداکاراوں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ پبلسٹی
پریانکا چوپڑا کا شمار بولی وڈ کی کامیاب اداکاراوں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ پبلسٹی

بولی وڈ کی نامور اور کامیاب اداکارہ پریانکا چوپڑا رواں سال ایمی اور آسکرز دونوں ہی نامور بین الاقوامی ایوارڈز شوز کا حصہ بن چکی ہیں، اور اب وہ اگلے سال 74ویں سالانہ گولڈن گلوب ایوارڈز میں بھی ایک ایوارڈ پیش کرتی نظر آئیں گی۔

گولڈن گلوب ایوارڈ کی انتظامیہ نے حال ہی میں اس شو میں ایوارڈ پیش کرنے والوں کی فہرست جاری کی اور پریانکا چوپڑا کا نام بھی اس فہرست کا حصہ ہے۔

اس فہرست میں کئی نامور شخصیات بھی شامل ہیں، جن میں نیکول کڈمین، میٹ ڈیمن، سلویسٹر سٹیلن ، سوفیا ورگارا اور سیانا میلر شامل ہیں۔

گولڈن گلوب ایوارڈ تقریب 8 جنوری 2017 کو منعقد ہوگی۔

واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا نے اپنے کیریئر میں اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کی، انہیں بین الاقوامی سطح پر امریکی ٹی وی شو 'کوائنٹیکو' میں مرکزی کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔

اس کردار کے لیے پریانکا کو پیپلز چوائس ایوارڈ میں بہترین اداکارہ کے لیے ایوارڈ بھی دیا گیا۔

پریانکا کی ڈیبیو ہولی وڈ فلم 'بے واچ' اگلے سال ریلیز ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں