ایلگر کی سنچری، جنوبی افریقہ کی پوزیشن بہتر

02 جنوری 2017
ڈین ایلگر 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
ڈین ایلگر 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی

ڈین ایلگر اور کوئنٹن ڈی کوک نے شاندار بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف سیزیز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی پوزیشن کو بہتر بنادی۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کے کپتان ایبجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو شروع میں یہ فیصلہ درست دکھائی دینے لگا۔

جنوبی افریقہ کے اسٹیفن کک صفر پر آؤٹ ہوئے جس کےبعد ہاشم آملہ اور ڈین ایلگر نے اسکور کو 66 رنز تک پہنچایا جس کے بعد آملا 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جے پی ڈومینی صفر جبکہ کپتان فیف ڈیوپلیسی 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو جنوبی افریقہ کی ٹیم 142 پر چار وکٹیں کھو کر شدید مشکلات کا شکار تھی جس میں مزید اضافہ ٹمبا باووما نے 169 پر آؤٹ ہو کر دیا۔

ڈین ایلگر نے مشکل وقت میں کوئنٹن ڈی کوک کے ساتھ مل کر 103 رنز کا اضافہ کیا اور اس دوران اپنی سنچری بھی مکمل کی اور 272 کے اسکور پر 129 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد سرنگا لکمل کی وکٹ بن گئے۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں پر 297 رنز بنائے تھے۔

کوئنٹن ڈی کوک 68 اور کائل ایبٹ 16 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا نے 3 اور لکمل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 206 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں