آفریدی کے ہاتھوں چمپیئنز ٹرافی2017 کی رونمائی

21 فروری 2017
آفریدی نے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کی—فوٹو: آئی سی سی
آفریدی نے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کی—فوٹو: آئی سی سی
آفریدی نے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کی—فوٹو: آئی سی سی
آفریدی نے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کی—فوٹو: آئی سی سی

پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان شاہد آفریدی نے دبئی میں آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی 2017 کی رونمائی کی اور اب یہ ٹرافی دنیا کے مختلف ممالک کا سفر کرے گی۔

آئی سی سی کے مرکز میں آئی سی سی اکیڈمی میں چمپیئنز ٹرافی کے آغاز سے ٹھیک 100 روز قبل ٹرافی کی رونمائی ہوئی۔

ٹرافی 8 ممالک کے 19 شہروں کا دورہ کرے گی اور کرکٹ کے مداح ٹرافی کو قریب سے دیکھیں گے۔

شاہد آفریدی نے تقریب میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی ایک ایسا ایونٹ ہے جو مجھے اور پاکستان کرکٹ کے لاکھوں مداحوں کے لیے ایک جیسے احساسات دلاتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آئی سی سی کا یہ واحد بڑا ٹورنامنٹ ہے جس کو پاکستان جیت نہیں پایا اور اسی طرح یہ آئی سی سی کا واحد ایونٹ ہے جس میں پاکستان نے انڈیا کو شکست دی ہے'۔

انھوں نے کہا کہ 'مجھے یقین ہے کہ بہت جلد چیزیں تبدیل ہوں گی جیسا کہ زندگی اور کھیل میں کوئی چیز مستقل نہیں ہوتی'۔

آفریدی نے آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'میں آئی سی سی اور اس کے تمام اسپانسرز کا کرکٹ کے تعاون پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور ٹرافی کو دنیا کے دورے کے ذریعے مداحوں کو بلاتفریق منسلک ہونے کا موقع فراہم کررہے ہیں'۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی کی بگ تھری ختم کرنے کی منظوری

چمپیئنز ٹرافی کے سفر کا آغاز جمعرات 2 مارچ کو شروع ہوگا اور پہلے مرحلے میں 2 مارچ سے 15 مارچ تک ہندوستان کے شہروں ممبئی، بنگلور اور دہلی جائے گی۔

بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکا میں چمپیئنز ٹرافی کا سفر 18 مارچ سے 21 مارچ تک ہوگا جس کےبعد 22 مارچ کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں پہنچے گی جہاں 25 مارچ تک قیام ہوگا۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کی آمد 28 مارچ کو ہوگی اور 30 مارچ تک قیام کےبعد جنوبی افریقہ روانہ کردی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور آنے کو تیار دوکھلاڑی ویسٹ انڈین ٹیم میں منتخب

چمپیئنز ٹرافی جنوبی افریقہ کے تین شہروں کا سفر کرے گی جس میں جوہانسبرگ، ڈربن اور کیپ ٹاؤن شامل ہیں۔

ٹرافی 4 اپریل سے 12 اپریل تک جنوبی افریقہ میں رہے گی۔

نیوزی لینڈ میں 19 اپریل کو پہنچے گی اور آکلینڈ میں 18 اپریل تک قیام کے بعد آسٹریلیا روانہ ہوگی جہاں میلبرن اور سڈنی میں 19 اپریل سے 27 اپریل تک قیام ہوگا۔

ٹرافی ایک مہینہ قبل میزبان ملک برطانیہ آئے گی اور 2 مئی سے فائنل کھیلنے تک یہی رہے گی۔

مزید پڑھیں: دہشت گردی کے باوجود کلارک پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کے حامی

آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کا آغاز میزبان انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان یکم جون کو اوول لندن میں کھیلاجائے گا اور دوسرا میچ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 جون کو برمنگھم میں ہوگا۔

روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کے درمیان گروپ بی کا میچ 4 جون کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کا فائنل 18 جون کو اوول میں ہوگا جبکہ پہلا سیمی فائنل 14 جون کو کارڈف اور دوسرا سیمی فائنل 15 جون کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں