لاہور میں فائنل پاکستان کرکٹ کیلئے مثبت قدم، مصباح

اپ ڈیٹ 23 فروری 2017
مصباح نے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کو پاکستان کرکٹ کے لیے مثبت قرار دیا—فوٹو: پی سی بی
مصباح نے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کو پاکستان کرکٹ کے لیے مثبت قرار دیا—فوٹو: پی سی بی

اسلام آباد یونائیٹڈ اور قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کا انعقاد پاکستان کرکٹ اور اس کےمداحوں کے لیے بہترین اقدام ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 'یہ پاکستان میں کرکٹ اور مداحوں کے لیے جنھوں نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کو طویل عرصے سے نہیں دیکھا ان کے لیے بہترین قدم ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام شائقین متحدہ عرب امارات کا سفر نہیں کرسکتے اس لیے اگر ان کے لیے لاہور میں فائنل دیکھنے کا موقع ملا تو زیادہ لوگ آئیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے کہا کہ 'یہ شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے ایک پرجوش تجربہ ہوگا کہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے'۔

مزید پڑھیں: لاہور آنے کو تیار دوکھلاڑی ویسٹ انڈین ٹیم میں منتخب

مصباح نے ان کی ریٹائرمنٹ اور ویسٹ انڈیز کے دورے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال میں کہا کہ ان کی مداحوں کو جلد اس کا جواب مل جائے گا۔

ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سوال کا مزاحیہ طور پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ میرے فیصلے کے گرد گھومتی ہے'۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے بھی اپنے ایک بیان میں لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی امید ظاہر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 'سیکیورٹی فورسز پی ایس ایل فائنل کومحفوظ بنائیں گی'

ان کا کہنا تھا کہ 'لاہور میں پی ایس ایل کے کامیاب فائنل کے بعد غیرملکی ٹیموں کو ایک مثبت پیغام جائے گا اور انھیں یقین ہوگا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات بہتر ہورہے ہیں'۔

پی ایس ایل کا فائنل 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے لیے غیرملکی کھلاڑیوں کو آمادہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ متبادل کھلاڑیوں کی فہرست بھی جاری کی جاچکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں