اگر آپ پاکستان سے ہٹ کر کسی اور ملک کی شہریت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ جاپان میں اس حوالے سے لوگوں کے لیے شرائط کو بہت آسان کردیا گیا ہے۔

جاپان کی وزارت انصاف نے امیگریشن کے نئے قوانین کا اعلان کیا ہے جو مستقل رہائش کے خواہشمند غیرملکیوں کے لیے ہیں اور ملک کو توقع ہے کہ اس سے بیرون ملک سے باصلاحیت ورکرز کو لانے میں مدد ملے گی۔

ان قوانین کا اطلاق رواں ماہ سے ہورہا ہے اور ان کی مدد سے کچھ افراد وہاں مستقل قیام کا حق صرف ایک سال رہنے کے بعد ہی حاصل کرسکیں گے۔

بنیادی طور پر تمام غیر ملکی دس سال تک جاپان میں رہائش کے بعد مستقل رہائش کا حق حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔

تاہم 2012 میں جاپان میں پوائنٹ پر مبنی سسٹم متعارف کرا کے اس عرصے کو کم کردیا گیا تھا خاص طور پر تین شعبوں میں جیسے ایڈوانس تدریسی تحقیقی سرگرمیاں، ایڈوانس ٹیکنیکل سرگرمیاں اور ایڈوانس بزنس منیجمنٹ سرگرمیاں۔

ان شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پوائنس کی بنیاد پر پانچ سال بعد مستقل قیام کے ویزے کے حصول کے اہل قرار پاتے مگر اب نئے قوانین کے تحت اس دورانیے کو محض تین سال کردیا گیا ہے۔

70 پوائنٹس سے زائد حاصل کرنے والوں کو یہ سہولت حاصل ہوگی جبکہ 80 پوائنٹس سے زیادہ پر ایک سال بعد ہی ایسا ممکن ہوسکے گا۔

اسی طرح پوائنٹس کے حصول کے لیے مزید ذرائع کا بھی اضافہ کیا گیا جیسے جاپانی کاروباری اداروں میں سرمایہ کاری یا کسی اچھی یونیورسٹی سے ڈگری کا حصول وغیرہ۔

اس طریقہ کار کو مکمل جاننے کے لیے آپ وزارت کی ویب سائٹ کے اس لنک پر جاکر دیکھ سکتے ہیں تاہم ابھی یہاں نئے طریقہ کار کا اضافہ نہیں کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں