مصباح کا اسپاٹ فکسرز پر تاحیات پابندی کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2017
مصباح الحق نے پاکستان میں دوبارہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پر افسوس کا اظہار کیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
مصباح الحق نے پاکستان میں دوبارہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پر افسوس کا اظہار کیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے حال ہی میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اگر کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب قرار پائیں تو ان پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے قائد نے ناصر جمشید کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث قرار پائیں ان پر عمر بھر کے لیے پابندی عائد کی جائے، ہم اس واقعے سے بہت مایوس ہیں۔

مزید پڑھیں: ’فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کی سزا مثالی ہو‘

یاد رہے کہ ناصر جمشید کو یوسف نامی بکی کے ساتھ برطانیہ میں گرفتار کیا گیا تھا جہاں ان کی ضمانت ہو گئی تھی اور اسپاٹ فکسنگ کیس میں اس سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے پاکستان کرکٹ کے تشخص کو مجروح کیا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم نے جو سات سال تک پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے کوششیں کی وہ سب ضائع ہو گئیں۔

’اس طرح کے واقعات سامنے آنے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ پوری محنت پر پانی پھر گیا ہے’۔

2010 کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد قومی ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے کپتان نے کہا کہ اب تمام کھلاڑیوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ 2010 کے واقعے کے بعد جو ہم نے چھ سات سال میں ٹیم کا اچھا امیج بنایا تھا، انہیں اس واقعے کو پیچھے چھوڑ کر اس امیج کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے بارے میں سوال پر مصباح نے کہا کہ انھیں یہ سیریز مشکل لگ رہی ہے کیونکہ ویسٹ انڈین کھلاڑی ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کا گر جانتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے پہلے میچ کے بعد ہی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظر عام پر آ گیا تھا جس نے پاکستان کرکٹ کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'یہ رہا میرے دل کا ٹکڑا'

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خالد لطیف اور شرجیل خان کو فوری طور پر معطل کر کے وطن واپس روانہ کردیا تھا۔

پی ایس ایل کے اختتام پر تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے محمد عرفان اور شاہ زیب حسن سے بھی تحقیقات کی گئیں جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو معطل کردیا گیا ہے۔

شاہ زیب حسن کو ممکنہ طور پر 5 سال پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ محمد عرفان پر بھی کم از کم چھ ماہ کی پابندی لگنے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں