وزیراعظم کی چینی سرمایہ کاروں کو دعوت

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2017
وزیراعظم نواز شریف اور چینی سرمایہ کاروں کے درمیان ملاقات کا ایک منظر—۔فوٹو/ ڈان
وزیراعظم نواز شریف اور چینی سرمایہ کاروں کے درمیان ملاقات کا ایک منظر—۔فوٹو/ ڈان

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کی واحد تجارتی، توانائی اور ٹرانسپورٹ کی راہداری کے محل وقوع پر بھرپور توجہ مبذول کرواتے ہوئے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے آزاد سرمایہ کاری ماحول سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔

نواز شریف نے چائنا ایرو اسپیس سائنس اور انڈسٹری کارپوریشن (سی اے ایس آئی سی) کے چیئرمین بورڈ گاؤہونگئی اور چائنا پریسیشن مشینری امپورٹ-ایکسپورٹ کارپوریشن (سی پی ایم آئی ای سی) کے چیئرمین بورڈ ژاؤ ژیالونگ کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا کہ پاکستان کا کاروباری ماحول ایک جامع ڈھانچے کے باعث بغیر کسی رکاوٹ کے براہ راست منافع بخش بیرونی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی منصوبہ بندی کا تسلسل آزاد، ڈی ریگولیشن، نجکاری اور سہولیات کے باعث اپنی اہمیت کو دوچند کردیتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی توجہ معیشت کی بحالی، توانائی کے بحران کے حل، سیکیورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورت حال گزشتہ چاربرسوں میں تبدیل ہوچکی ہے اور اس کا عالمی طور پر اعتراف کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور اہم معاشی سیکٹرز میں تعاون کے ذریعے پاک-چین دوستی نئی منازل طے کررہی ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان آنے کا مقصد منافع کمانا نہیں: چینی کمپنی

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ تعاون سے دونوں ملکوں میں نہ صرف خوشحالی آئے گی بلکہ پورے خطے کے لیے ترقی کا ذریعہ بنے گا۔

اس موقع پر ہونگئی نے پاکستان کے کاروباری تعلقات کو بہتربنانے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ کمپنیاں پہلے ہی متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وزیر رانا تنویر حسین، چین کے سفیر سن ویڈونگ اور اعلیٰ عہدیدار بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔

یہ خبر 29 مارچ 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں