اسلام آباد: ایئرپورٹس پر لینڈنگ پرمٹس کے اجراء پر پابندی کے بعد وزات داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب اگر کوئی غیر ملکی شخص بغیر ویزہ اور امیگریشن کے عمل سے گزرے بغیر پاکستان میں داخل ہوا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بغیر ویزہ اور امیگریشن پروسیس سے گزرے بغیر داخل ہونے والے غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے مقدمہ چلایا جائے گا۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل، آئی جی پولیس، چیف کمشنر آئی سی ٹی اور وزارت داخلہ و ایوی ایشن ڈویژن کے اعلیٰ عہدے دار شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اوریجن کارڈ کا نام تبدیل

خلیجی ممالک سے شکار پر آنے والی شخصیات کے ہمراہ موجود عملے کی جانب سے سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی اور ویزہ قواعد کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور سول ایوی ایشن کو ہدایت کی کہ قانون کی خلاف ورزی کو روکنے کے لیے موثر نظام نافذ کریں۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں موجود ان ہوائی اڈوں اور لینڈنگ اسٹرپس کی نشاندہی کی جائے جہاں شکار کی غرض سے غیر ملکی شخصیات اترتے ہیں۔

چوہدری نثار نے کہا کہ ان ایئرپورٹس اور لینڈنگ اسٹرپس پر امیگریشن اور کسٹمز کلیئرنس کی سہولت یقینی بنائی جائے اور امیگریشن ڈپارٹمنٹ، وزارت داخلہ اور ایوی ایشن ڈویژن کے درمیان معلومات کے تبادلے کا مضبوط مکینزم بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ یہ سارا عمل ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل کرلیا جائے۔

مزید پڑھیں: محکمہ امیگریشن کی علیحدگی،حکمت عملی بنانے کی ہدایت

چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)، سول ایوی ایشن اور وزارت اس بات کو یقینی بنائیں کہ وزارت داخلہ کی جانب سے پیشگی کلیئرنس کے بغیر کسی طیارے کو لینڈ کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

وزیر داخلہ نے ایوسی ایشن ڈپارٹمنٹ اور ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ طیارے میں موجود افراد کی تعداد، ان کی شہریت اور ویزے کی نوعیت معلوم کرنے کے بعد ہی لینڈ کرنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ امیگریشن کے عمل سے گزرے بغیر کسی بھی شخص کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ’عارضی قیام‘ کے نام پر ویزا کے اجرا کا عمل معطل

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پریس بریفنگ کے دوران وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ 'اوریجن کارڈ' کے اجراء پر گزشتہ ڈیڑھ سال سے پابندی عائد تھی تاہم اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس کا از سر نو اجراء کیا جائے گا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ اوریجن کارڈ میں بعض تبدیلیاں کرنے کے بعد اس کا دوبارہ اجراء شروع کیا جارہا ہے اور اب اس کا نام 'ٹیمپریری ریزیڈنس کارڈ' یعنی 'عارضی قیام کا کارڈ' ہوگا۔

انہوں نے وضاحت کی تھی کہ اگر کسی غیر ملکی خاتون کی شادی پاکستانی شہری سے ہوتی ہے تو انہیں پہلے ایک سال کا ویزہ دیا جائے گا جس میں پانچ سال تک کی توسیع ہوسکے گی اور یہ سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 'میں نے لینڈنگ کارڈز کے اجراء پر بھی پابندی عائد کردی ہے اور تمام سیکیورٹی و سول اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ آئندہ ایئرپورٹ پر کسی کو لینڈنگ کارڈ جاری نہ کیے جائیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں