یونس ضرورت پڑنے پر ریٹائرمنٹ واپس لینے کوتیار

22 اپريل 2017
یونس خان نے ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
یونس خان نے ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کو ضرورت پڑنے اور درخواست کرنے کی صورت میں ریٹائرمنٹ واپس لینے کو تیار ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا ڈاٹ کام کو ایک انٹرویو میں یونس خان کا کہنا تھا کہ 'میں مزید کرکٹ کھیل سکتا ہوں لیکن میرے خیال میں ریٹائر ہونے کا بہتر وقت وہی ہے جب لوگ آپ کو مزید کھیلتا دیکھنا چاہتے ہوں نہ کہ وہ سمجھ رہے ہوں کہ آپ کو جانا چاہیے'۔

سابق کپتان نے کہا کہ 'میرے خیال میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا یہ ایک اچھا وقت ہے'۔

خیال رہے کہ یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے روانگی سے قبل کراچی میں باقاعدہ طور پر رواں سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیے: یونس خان کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ٹیسٹ کریئر کو مزید طول دینے کے لیے اپنے فیصلے پرغور کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 'ہاں، میں اس پر غور کروں گا اور یہ سب میری ٹیم کی ضرورت پر انحصار کرتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر وہ مجھے درخواست کرتے یا عوام مجھے سے یہ چاہتے ہوں تو کیوں نہیں لیکن یہ میری ٹیم پر ہی منحصر ہے'۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے والے پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق بھی یونس خان کو مزید کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

مصباح الحق کا کرکٹ آسٹریلیا میں شائع اپنے ایک مضمون میں کہنا تھا کہ 'میری ذاتی رائے یہ ہے کہ پاکستان کو ابھی بھی یونس خان کی ضرورت ہے اور وہ مزید ایک یا دوسال تک کھیل سکتے ہیں لیکن مجھے یقین نہیں کہ دیگر لوگ اس سے اتفاق کریں یا نہ کریں'۔

تبصرے (0) بند ہیں