اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے وزیر اعظم سے معروف بھارتی صنعت کار سجن جندال کی ملاقات کی تصدیق کردی۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے بتایا کہ ’سجن جندال وزیر اعظم کے پرانے دوست ہیں اور ان کی وزیر اعظم سے ملاقات خفیہ نہیں، اس لیے اس بات کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کیا جانا چاہیئے۔‘

وزیراعظم نواز شریف سے بھارتی صنعت کار سجن جندال نے گزشتہ روز مری میں ملاقات کی تھی۔

ملاقات میں خاتون اول کلثوم نواز اور حسین نواز بھی موجود تھے۔

سجن جندال خصوصی طور پر وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے پاکستان آئے تھے۔

مذمتی قراردادیں

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھارتی تاجر کی وزیر اعظم سے ملاقات کے خلاف سندھ اور پنجاب اسمبلیوں میں قراردادیں جمع کرادیں۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وفد نے نواز شریف کو مری میں مودی کا پیغام پہنچایا، پاکستانی عوام کو اس ملاقات کے اغراض و مقاصد سے آگاہ نہیں کیا گیا جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

سندھ اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی کے رکن خرم شیر زمان نے مذمتی قرارداد جمع کرائی، جس میں کہا گیا کہ دشمن ملک کے تاجر سے وزیر اعظم کی ملاقات باعث تشویش اور قابل مذمت ہے۔

واضح رہے کہ سجن جندال بھارتی بزنس گروپ ’جے ایس ڈبلیو‘ کے مالک ہیں۔

سجن جندال اسٹیل، توانائی اور سیمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار کرتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں