پاکستان نے آسٹریلیا کے نیشنل جونیئرہاکی چمپیئن شپ کے فائنل میں نیوساؤتھ ویلز کی ٹیم کو 3-2 سے شکست دے کرٹورنامنٹ کو اپنے نام کرلیا۔

آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں شامل تھیں جہاں نیوساؤتھ ویلز واحد ٹیم تھی جو فائنل تک ناقابل شکست رہی تھی اور اسی ٹیم نے پاکستان کو بھی شکست دی تھی جو قومی ٹیم کی واحد شکست تھی۔

چمپیئن شپ کے فائنل میں پاکستانی ٹیم نے ابتدا سے ہی منصوبہ بندی کے تحت کھیلا اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی نوید عالم نے 13 ویں منٹ میں گول کرکے کھاتہ کھول دیا۔

احمد ندیم نے 24 ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کی برتری کو ہاف ٹائم تک 2-0 کردیا۔

ہاف ٹائم کے بعد پاکستانی نوجوانوں نے گول کرنے کے عزم کو جاری رکھا اور 44 منٹ میں ساہیوال سے تعلق رکھنے والے احمد ندیم نے گول کرکے برتری کو مزید مضبوط کرتے ہوئے 3-0 کردیا۔

نیوساؤتھ ویلز کی ٹیم نے 3 گول کے خسارے میں جانے کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور میچ کے اختتام سے 5 منٹ قبل ایہرین ہیزل نے پنالٹی اسٹروک پر گول کی اور چند لمحوں بعد ڈین رچرڈز نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے پاکستان کی برتری کو مزید کم کرتےہوئے 3-2 کردیا۔

نیوساؤتھ ویلز کی ٹیم اختتامی لمحات میں بہترین کھیل کے باوجود میچ کو برابر نہ کرپائی اور یوں پاکستان نے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے 8 میچوں میں سے 7 میں کامیابی حاصل کی اور صرف ایک میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔


یہ رپورٹ 30 اپریل 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں