اگر ہندوستانی سینما کی بات کی جائے تو آج کل ہر کسی کی زبان پر فلم ’باہوبلی‘ کا نام ہے جو اب تک کی سب سے مہنگی ترین بھارتی فلم ہونے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بھی قرار پائی۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بولی وڈ کی معروف اداکارہ سری دیوی کو بھی اس کامیاب فلم میں ایک نہایت اہم کردار کی آفر دی گئی تھی، تاہم اداکارہ نے اس سے انکار کردیا۔

مزید پڑھیں: 1000 کروڑ بھارتی روپے کمانے والی پہلی انڈین فلم ’باہو بلی‘

فلم ’باہوبلی‘ میں ویسے تو ہر کردار ہی کافی اہم ہے، تاہم ’باہو بلی‘ کے علاوہ ایک ایسا کردار بھی ہے, جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرلی، یہ کردار ہے مہارانی شوگامی دیوی کا جو فلم میں باہوبلی کی سوتیلی والدہ بنیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم کے ہدایت کار ایس ایس راجاماؤلی کا اس کردار کے لیے پہلا انتخاب سری دیوی تھیں، تاہم انہوں نے فلم میں کام سے انکار کردیا۔

سری دیوی کی انکار کرنے کی وجہ فلم کی کہانی، ان کا کردار یا کاسٹ نہیں بلکہ اداکاری کے عوض ملنے والا معاوضہ تھا، اداکارہ نے اس کردار کے لیے ہدایت کار سے 5 کروڑ ہندوستانی روپے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم اس کردار کے لیے اتنا بجٹ نہ ہونے پر انہوں نے فلم کی آفر ٹھکرا دی۔

یہ بھی پڑھیں: فلم نہ دیکھنے پر ایک شخص ملازمت سے فارغ

سری دیوی کے بعد اس کردار کے لیے اداکارہ رامیا کرشنن کا انتخاب کیا گیا، جنہوں نے 2.5 کروڑ ہندوستانی روپے لے کر اس کردار کو اتنی خوبی سے نبھایا کہ وہ فلم کے ہیرو، ولن اور ہیروئن کے درمیان بھی بہترین نظر آئیں۔

خیال رہے کہ رامیا کرشنن نے اس سے قبل بولی وڈ کی بھی کئی فلموں میں کام کیا، جن میں شاہ رخ خان کی فلم ’رام جانے‘ شامل ہے۔

فلم ’باہوبلی‘ کے حوالے سے اگر بات کی جائے تو یہ فلم اس وقت ہندوستان کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم ثابت ہوئی ہے، جس نے عامر خان کی کامیاب فلم ’پی کے‘ کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں