پاکستان کرکٹ میں یونس کا کوئی ثانی نہیں، اظہر الدین

15 مئ 2017
یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 34 سنچریوں کی مدد سے 10ہزار 99 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 34 سنچریوں کی مدد سے 10ہزار 99 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

ہندوستان کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے ریٹائر ہونے والے عظیم پاکستانی بلے باز یونس خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونس کی پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات بے مثال ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 10ہزار 99 رنز بنانے والے یونس خان ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے اختتام کے ساتھ ہی ریٹائر ہو گئے ہیں۔

اظہر نے کہا کہ 10ہزار رنز بنانا آسان کام نہیں، یونس ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور دس ہزار رنز بنانا آسان نہیں۔ انہوں نے تقریباً 40 سال کی عمر میں بھی خود کو فٹ رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: اظہرالدین اور یونس کی فون پر کیا بات ہوئی؟

اظہر نے ایک خصوصی ویڈیو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34 ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے باز کا وکٹوں کے درمیان رننگ اور طویل عرصے تک کھیلنے میں کوئی ثانی نہیں۔ پاکستان کرکٹ کیلئے ان کی خدمات کا کوئی ثانی نہیں۔

ہندوستان کیلئے 99 ٹیسٹ اور 334 ون ڈے میچز کھیلنے والے سابق ہندوستانی کپتان نے مزید کہا کہ یونس صرف ایک بہترین بلے باز ہی نہیں بلکہ ایک اچھے انسا بھی ہیں جو سب سے اہم ہے۔ ایک کرکٹر کی حیثیت سے آپ پانچ، دس یا 15 سال تک کھیل سکتے ہیں لیکن کرکٹر کی حیثیت سے زدگی ختم ہونے کے بعد آپ کو اسی بنیاد پر یاد رکھا جائے گا کہ آپ کتنے اچھے انسان ہیں۔

اظہر نے اس موقع پر یونس کی مزید مداح سرائی کرتے ہوئے انہیں جاوید میانداد اور ظہیر عباس جیسے عظیم پاکستانی کھلاڑیوں کی صف میں شامل کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ کا اثاثہ قرار دیا۔

یاد رہے کہ اوول ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنا کر پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹ سے فتح میں مرکزی کردار ادا کرنے والے یونس نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ انہیں ہندوستان سے محمد اظہرالدین کی کال موصول ہوئی جنہوں نے ان کی تکنیک پر بات کی اور اس کی مدد سے وہ ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔

اوول ٹیسٹ سے قبل یونس مستقل جدوجہد کا شکار تھے اور کوئی نصف سنچری بنائے بغیر سیریز میں محض دو مرتبہ 30 سے زائد رنز اسکور کر پائے تھے تاہم اوول میں اسٹار بلے باز نے 218 رنز کی اننگ کھیل کر پاکستان کی فتح کی بنیاد رکھی اور میچ جیت کر گرین شرٹس نے سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں