کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کے نیٹ ورک میں ہونے والے بڑے پاور بریک ڈاؤن کے بعد شہر میں فراہمی آب کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوگیا۔

بجلی کی طویل بندش کے سبب اتوار کے روز شہر کو روزمرہ معمول کے مطابق 50 کروڑ گیلن پانی کے بجائے صرف 15 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاسکا۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پیر کی صبح سے معمول کے مطابق پانی کی فراہمی کا آغاز ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بجلی کی اچانک بندش، وزیراعلیٰ کا وفاقی وزیر کو خط

بیان میں بتایا گیا کہ پانی کی سپلائی میں ہونے والی واضح کمی کی وجہ سے اتوار کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں بہت کم یا نہ ہونے کے برابر پانی فراہم کیا جاسکا۔

واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے شہریوں کو ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پانی کا استعمال احتیاط سے کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اتوار کی شب 2 بج کر 40 منٹ پر ہونے والے بریک ڈاؤن کے نتیجے میں واٹر بورڈ کا نظام متاثر ہوا اور دھابیجی، گھارو، حب، سمیت متعدد فلٹر پلانٹس نے کام کرنا بند کردیا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں پہلی سحری پر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

ان فلٹر پلانٹس پر بجلی کی فراہمی کا آغاز بعد ازاں 5 سے ساڑھے پانچ بجے صبح شروع ہوا جبکہ گھارو پمپنگ اسٹیشن کو اتوار کی صبح 8 بجے بجلی کی فراہمی دوبارہ معطل ہوگئی۔

واضح رہے کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے کہا تھا کہ ماہ رمضان میں شہریوں کو بلاتعطل فراہمی آب کا پلان تشکیل دیا جاچکا ہے تاہم ماہ مقدس کے پہلے ہی روز یہ پلان بری طرح متاثر ہوگیا۔


یہ خبر 29 مئی 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں