سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ نے بالآخر ویڈیو ریکارڈ کرنے اور اسے سوشل اکاؤنٹ پر شیئر کرنے والا سن گلاس یورپ میں فروخت کے لیے پیش کردیا۔

اسنیپ چیٹ نے اس خصوصی سن گلاس کو گزشتہ برس یورپ میں پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس خصوصی چشمے کو سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن نے گزشتہ برس بنانے کے بعد سب سے پہلے امریکا میں فروخت کے لیے پیش کیا تھا۔

گزشتہ برس ستمبر میں کیلی فورنیا میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے اس چشمے کو 9 ماہ بعد یورپ میں پیش کیا گیا۔

یورپ میں بھی فوری طور پر اس چشمے کو صرف برطانیہ کے شہر لندن میں پیش کیا گیا ہے، اس چشمے کو اسنیپ چیٹ کی خصوصی وینڈر مشین کے ذریعے آن لائن فروخت کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسنیپ چیٹ میں بڑی تبدیلی متعارف

اس خصوصی چشمے کی یورپ میں قیمیت 130 یورو رکھی گئی ہے، جب کہ امریکا میں اس کی قیمت 130 ڈالر تھی۔

اسنیپ چیٹ کا کہنا ہے کہ تمام جلد ہی اس چشمے کو یورپ کے دیگر بڑے شہروں برلن، بارسلونا اور برسلز میں بھی فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، جب کہ ایشیا میں اس کی فروخت کے لیے فی الحال کوئی وقت نہیں دیا گیا۔

امکان ہے کہ یورپ کے دیگر بڑے شہروں کے بعد اسے پہلے وسط ایشیائی ممالک اور بعد میں جنوبی ایشیائی ممالک کے بڑے شہروں میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

—فوٹو: اسنیپ چیٹ
—فوٹو: اسنیپ چیٹ

مزید پڑھیں: انسٹاگرام نے اسنیپ چیٹ کا بڑا فیچر بھی چرا لیا

اسنیپ چیٹ کی جانب سے یہ پہلا آلا ہے، جسے فروخت کے لیے پیش کیا گیا، اس سے قبل اسنیپ چیٹ صرف سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن تک محدود تھی۔

اسنیپ چیٹ کا خصوصی چشمہ دس سیکنڈ تک ویڈیو ریکارڈنگ کرنے اور اسے سوشل اکاؤنٹ میں شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

سن گلاس کے شیشوں کی سائیڈ میں کیمرہ اور اسنیپ چیٹ سے منسلک ہونے کا خصوصی فیچر نصب ہے۔

ابتدائی طور پر اس خصوصی سن گلاس کو تین مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے۔

یہ خصوصی چشمہ اسمارٹ فون کی مدد سے اسنیپ چیٹ سے منسلک ہوتا ہے، جو ریکارڈ کی گئی ویڈیو کو سوشل شیئرنگ ویب سائٹ پر شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام مقبولیت میں اسنیپ چیٹ سے آگے

کمپنی اس چشمے کو اپنی خصوصی وینڈر سیلز مشین ’اسنیپ بوٹس‘ کے ذریعے فروخت کرتی ہے، کمپنی اس مشین کو ہر روز شہر کے مختلف مقامات پر نصب کردیتی ہے، جہاں سے صارف خود اس سن گلاس کو خرید سکیں گے۔

اس خصوصی چشمے کو اسپیکٹ لیس نامی بنائی گئی خصوصی ویب سائٹ سے بھی آن لائن خریدا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں