نیوزی لینڈ کو شکست دے کر انگلینڈ سیمی فائنل میں

اپ ڈیٹ 07 جون 2017
انگلش باؤلر جیک بال کی گیند پر نیوزی لینڈ کے بلے باز لیوک رونچی کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: رائٹرز
انگلش باؤلر جیک بال کی گیند پر نیوزی لینڈ کے بلے باز لیوک رونچی کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: رائٹرز

انگلینڈ نے جیک بال اور لیام پلنکٹ کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو باآسانی 97 رنز سے شکست دے کر چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

کارڈف میں کھیلے گئے گروپ اے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنرز نے انگلینڈ کو 37 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ جیسن رائے 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ جو روٹ کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے ہیلز کے ساتھ مل کر مجموعے کو 118 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر انگلینڈ کو یکے بعد دیگرے دو نقصان اٹھانے پڑے اور 56 رنز بنانے والے ہیلز کے بعد مورگن بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔

روٹ نے اپنی پیش قدمی جاری رکھی اور بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر اسکور کو 188 تک پہنچا دیا، وہ 64 رنز بنانے کے بعد کوری اینڈرسن کی گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

انگلش بلے باز جو روٹ کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: رائٹرز
انگلش بلے باز جو روٹ کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: رائٹرز

اس دوران انگلش ٹیم نے وقفے وقفے سے وکٹیں گنوا شروع کردیا اور بین اسٹوکس 48، معین علی 12، عادل رشید 12 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

آگے پیچھے وکٹیں گرنے سے انگلینڈ کی بڑے اسکور کی امیدیں ماند پڑتی نظر آنے لگیں لیکن جوز بٹلر نے اختتامی اوورز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 300 کا ہندسہ پار کرایا۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 310 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، بٹلر 61 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کوری اینڈرسن اور ایڈم ملنے نے تین تین جبکہ ٹم ساؤدھی نے دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں لیوک رونچی گولڈن ڈک پر آؤٹ ہو کر اپنی ٹیم کو مشکلات کا شکار کر گئے البتہ کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے 62 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔

جوز بٹلر ے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر 61 رنز بنائے— فوٹو: اے پی
جوز بٹلر ے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر 61 رنز بنائے— فوٹو: اے پی

گپٹل کے پویلین لوٹنے کے بعد روس ٹیلر میدان میں اترے اور کپتان کے ساتھ 95 رنز جوڑ کر ہدف تک رسائی کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی لیکن اسی اسکور پر مارک وڈ نے 87 رنز کی اننگز کھیلنے والے کیوی کپتان کی اننگز کا خاتمہ کر کے نیوزی لینڈ کو بڑا نقصان پہنچایا۔

ولیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد 10 رنز کے اضافے سے ٹیلر بھی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے ہوئے پوری ٹیم 223 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے چار وکٹیں لیں لیکن آٹھ اوورز میں دو میڈن سمیت 31 رنز کے عوض دو وکٹیں لینے والے جیک بال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایونٹ میں آج پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے مدمقابل ہو گی اور میچ ہارنے کی صورت میں گرین شرٹس ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں