اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری کی گئی ارکان پارلیمنٹ کے مالی اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق 2013 کی نسبت وزیراعظم نواز شریف کے اثاثوں میں مسلسل دوسری بار کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق 2012 میں وزیراعظم کے اثاثوں کی مالیت 26 کروڑ 16 لاکھ روپے تھی تاہم تیسری بار وزیراعظم منتخب ہونے کے پہلے ہی سال ان کے اثاثوں میں 6 گنا اضافہ دیکھنے میں آیا اور 2013 میں ان کے اثاثوں کی مالیت 1 ارب 82 کروڑ روپے تک جاپہنچی اور وہ پہلی بار اعلانیہ ارب پتی بن گئے۔

2014 میں ان کے اثاثے 2 ارب روپے سے تجاوز کرگئے تاہم 2015 میں اس مالیت میں کمی سامنے آئی اور ان کے اثاثے 1 ارب 96 کروڑ روپے ہوگئے۔

واضح رہے کہ 2011 میں نواز شریف 16 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک تھے۔

ای سی پی کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تازہ ترین تفصیلات جمعرات (15 جون) کو جاری کی گئیں، جس کے مطابق 30 جون 2016 کو اختتام پذیر ہونے والے سال میں نواز شریف کے اثاثے مزید کم ہو کر 1 ارب 72 کروڑ ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نواز شریف اور عمران خان امیر ترین رکن پارلیمنٹ

خیال رہے کہ گذشتہ چار سال کے دوران وزیراعظم اپنے بڑے بیٹے حسین نواز سے بھاری ترسیلات زر وصول کرتے رہے ہیں۔

ان چار سالوں کے دوران صرف 2013 وہ سال تھا جب انہیں 20 کروڑ سے کم رقم یعنی 19 کروڑ 75 لاکھ روپے موصول ہوئے، 2014 میں وصول رقم کی مالیت 23 کروڑ 90 لاکھ، جبکہ 2015 میں وصول رقم کی مالیت 21 کروڑ 50 لاکھ روپے رہی تھی۔

حالیہ تفصیلات کے مطابق 2016 میں انہوں نے اپنے بیٹے سے 23 کروڑ 40 لاکھ روپے وصول کیے۔

ای سی پی کی جاری کردہ معلومات کے مطابق نواز شریف ایک ٹویوٹا لینڈ کروزر، جو انہیں کسی نے تحفے میں دی تھی اور دو مرسڈیز کاروں کے مالک ہیں۔

جس گھر میں وزیراعظم رہائش پذیر ہیں وہ ان کی والدہ کی ملکیت ہے جبکہ ان کے متعدد ملکی اور غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس بھی ہیں۔

وزیراعظم کی زرعی اراضیوں کے ساتھ شوگر، ٹیکسٹائل اور پیپر ملز جیسے کئی صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری بھی ہے۔

2015 میں نواز شریف نے پہلی بار پرندوں اور جانوروں کی ملکیت ڈکلیئر کی جن کی قدروقیمت 50 لاکھ ہے۔

وزیراعظم نے رائے ونڈ جائیداد کی قمیت 40 لاکھ روپے اور اپر مال لاہور میں جائیداد کی قیمت 25 کروڑ روپے ظاہر کی۔

عمران خان

وزیراعظم نواز شریف کے روایتی حریف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کے اثاثے بھی ان ہی کی طرح کم ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان 1 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جن میں گذشتہ 5 سال کے دوران تیزی سے اضافہ سامنے آیا تھا۔

2012 میں عمران خان کے اثاثے محض 22 کروڑ 90 لاکھ روپے تھے اور ان پر 0.38 ملین کے واجبات تھے۔

2013 میں ان کے اثاثوں کی مالیت 140 لاکھ تھی جو 2014 میں 330 لاکھ روپے سے زائد ہوئی تاہم 2015 میں وہ 1 ارب 33 کروڑ روپے کے اثاثوں کے ساتھ ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

بنی گالہ میں ان کی 300 کنال کی رہائش گاہ کی مالیت 75 کروڑ ہے جسے انہوں نے الیکشن کمیشن کے سامنے 'تحفہ' ظاہر کیا ہے۔

عمران خان نے خان ہاؤس میں دفتر کی مالیت 59 لاکھ روپے جبکہ بنی گالہ کے گرد باؤنڈری وال کی مالیت 69 لاکھ روپے ظاہر کی ہے، جبکہ وراثت میں ملنے والے زمان پارک گھر کی مالیت 29 کروڑ 60 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

گوشواروں کے مطابق عمران خان نے 4 کروڑ 87 لاکھ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، ان کے پاس 6 لاکھ روپے کا فرنیچر اور 2 لاکھ روپے مالیت کی چار بکریاں بھی ہیں۔

2016 میں اپنے نام پر رجسٹرڈ گاڑی فروخت کیے جانے کے بعد عمران خان کے استعمال میں ذاتی کوئی گاڑی نہیں۔

ارب پتی ارکان پارلیمنٹ

دیگر ارب پتی اراکین میں وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین، اور خیبرپختونخوا کے ارکان خیال زمان اور ساجد حسین طوری شامل ہیں۔

پاراچنار سے تعلق رکھنے والے ایم این اے ساجد حسین طوری کی کرم ایجنسی اور اسلام آباد میں موجود جائیدادوں کی مالیت 1 ارب 44 کروڑ روپے ہے جبکہ آٹومیٹک اور سیمی آٹومیٹک اسلحے سمیت دیگر اثاثوں کی مالیت 19 کروڑ سے زائد ہے۔

شاہد خاقان عباسی کے ملک کی اہم ترین نجی ایئرلائنز میں 90 کروڑ کے حصص، 40 کروڑ کی زمینیں موجود ہیں، ان کے اثاثوں کی کل تعداد 1 ارب 29 کروڑ کے قریب ہے۔

پی ٹی آئی کے رکن خیال زمان کے اثاثوں کی مالیت 1 ارب 89 کروڑ سے زائد ہے۔

جبکہ پی ٹی آئی کے اہم سینئر رہنما جہانگیر ترین جن کا طیارہ عمران خان عموماً استعمال کرتے ہیں ان کے کل اثاثے صرف 78 کروڑ 10 لاکھ ہیں تاہم ان کی اہلیہ آمنہ ترین بھی 17 کروڑ 26 لاکھ سے زائد اثاثوں کی مالک ہیں۔

سینیٹرز

ایوان بالا کے اراکین میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے اثاثوں کی کل مالیت 58 کروڑ 37 لاکھ کے قریب ہے، انہوں نے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈ سمیت ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں 32 کروڑ 50 لاکھ سے زائد سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سب سے کم اثاثے رکھنے والے ارکان پارلیمان میں سے ایک ہیں، ان کے پاس دو بینکس میں موجود رقوم کے علاوہ کچھ موجود نہیں، ایک بینک میں 4 لاکھ 39 ہزار 472 روپے جبکہ دوسرے میں 20 لاکھ سے کچھ زائد رقم موجود ہے۔

ان رقوم کے علاوہ وہ زرعی اراضی کے مالک ہیں جس کی مالیت نامعلوم ہے اور 12 کنال زمین کے بھی شریک مالک ہیں۔


یہ خبر 16 جون 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

یمین الاسلام زبیری Jun 16, 2017 07:32pm
یہ قصے ہیں زرداروں کے اربوں کے اور لاکھوں کے؛ اور یہاں یہ عالم ہے کہ: دیوار کیا گری مرے خستہ مکان کی ۔ لوگوں نے میرے صحن میں رستے بنا لیے۔