قومی ٹیم کے سابق عظیم کپتان عمران خان نے چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل کل اوول میں کھیلا جائے گا اور پاکستان کے سابق کپتان عمران خان نے میچ کے حوالے سے سرفراز احمد کو چند مفید مشورے دیے ہیں۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: اپنی پسند کی ٹیم خود بنائیں

عمران خان نے بنی گالا میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کی باؤلنگ ہے۔ حسن علی اور اسپنرز سمیت سب نے زبردست باؤلنگ کی ہے اور کیونکہ ہندوستان کی طاقت اس کی بیٹنگ ہے اس لیے پاکستان کو بیٹنگ پہلے کرنی چاہیے جو اب تک انہوں نے ایونٹ میں نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پہلے بیٹنگ اس لیے کرنی چاہیے کیونکہ پہلے بیٹنگ میں دباؤ نہیں ہوتا اور ان کی باؤلنگ ایسی ہے کہ بھارتی ٹیم جو بھی اسکور کرے گی پاکستانی ٹیم اس کا دفاع کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فائنل سے پہلے کوہلی کا پاکستانی ٹیم کیلئے بڑا بیان

1992 کا ورلڈ کپ جتوانے والے عظیم قائد نے کہا کہ بھارت کو پہلے بیٹنگ کرانے میں سب سے خطرہ یہ ہے کہ وہی نہ ہو جو پہلے میچ میں ہوا اور اگر وہ ایک مرتبہ بڑا اسکور کر گئے تو ہماری بیٹنگ مضبوط نہں ہے تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ان کیلئے بڑے ہدف کا تعاقب مشکل ہو گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل چیمپیئنز ٹرافی میں چار جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور انہوں نے 48 اوورز میں 319 رنز بنائے تھے اور بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان کو 124 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں