قندیل بلوچ کی زندگی پر بننے والے ڈرامے کا ایک نیا ٹیزر شائقین کے لیے ریلیز کردیا گیا جس میں صبا قمر ایک نئے انداز میں نظر آئیں۔

15 جولائی یعنی کل انٹرنیٹ پر تہلکہ مچانے والی قندیل بلوچ کے انتقال کو پورا ایک سال مکمل ہوجائے گا، جنہوں نے اپنی ویڈیوز اور منفرد انداز کے باعث سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کی۔

ٹی وی چینیل اردو 1 بہت جلد قندیل بلوچ کی زندگی پر بنایا جانے والا ڈرامہ بھی ریلیز کردے گا، جس کا ایک نیا ٹیزر ان کی زندگی کے ایک اور پہلو کو پیش کررہا ہے۔

مزید پڑھیں: صبا قمر ’قندیل بلوچ‘ بن کر کیسی لگ رہی ہیں؟

اس ٹیزر میں صبا قمر کسی گھر کے باہر ایک سڑک پر سبز رنگ کی شرٹ پہنے موجود ہیں جس پر پاکستان لکھا ہوا ہے اور فیضان خان نامی شخص کے لیے چلا رہی ہیں۔

صبا قمر نے کہا کہ ’فیضان خان آئی لو یو‘ (فیضان خان میں آپ سے بہت پیار کرتی ہوں)۔

اس ٹیزر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نام تبدیل کرکے فیضان خان رکھا گیا ہو۔

کیوں کہ قندیل بلوچ اپنی زندگی میں بہت مرتبہ عمران خان سے ملاقات کرنے کی کوشش کرچکی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمر بنیں گی ’قندیل بلوچ‘

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ’باغی‘ ڈرامے کے کئی ٹیزرز ریلیز کیے جاچکے ہیں، تاہم اب تک اس کی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

On the sets of 🤐 #sabaqamar #Khi #characterrole #biopic #megaproject

A post shared by Saba Qamar (@sabaqamarzaman) on

صبا قمر نے اس ڈرامے کے حوالے سے ڈان کو دیے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ 'پاکستان میں ایسی بہت سی کہانیاں ہیں جن کا لوگوں کے سامنے آنا بے حد ضروری ہے اور میں ان کہانیوں کے سامنے لانے میں مدد دینا چاہتی ہوں‘۔

اس ڈرامے میں سرمد کھوسٹ، عثمان خالد بٹ اور علی کاظمی بھی کام کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ماڈل قندیل بلوچ 'غیرت کے نام' پر قتل

واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں قندیل بلوچ کو ان کے بھائی وسیم نے ملتان میں ان کے گھر میں غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔

قندیل بلوچ کا اصل نام فوزیہ عظیم تھا جنہیں پاکستان میں 2014 میں اُس وقت شہرت ملی جب ان کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی، جس میں وہ سوال کرتی ہوئی نظر آئیں،'میں کیسی لگ رہی ہوں؟'

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں