امریکا کی جنوبی ریاست ٹیکساس کے شہر سان اونٹونیو میں ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے باہر کھڑے ٹرک سے پولیس کو 8 لاشیں اور ڈیڑھ درجن سے زائد افراد تشویش ناک حالت میں ملے ہیں۔

جس ٹرک سے لاشیں برآمد ہوئیں، وہ والمارٹ نامی ڈیپمارٹمنٹل اسٹور کے پارکنگ میں کھڑی تھا، جہاں اسٹور کے ملازم نے ٹرک دیکھنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے پہنچ کر ٹرک سے 8 لاشیں برآمد کر کے دیگر افراد کو ہسپتال منتقل کردیا جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کی پہلی مسلم خاتون جج کی لاش برآمد

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے سان اونٹونیو پولیس کے سربراہ ولیم میک مینس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس اسٹور ملازم کی اطلاع پر پہنچی، جہاں ایک ٹرک سے 8 لاشیں برآمد کی گئیں۔

پولیس کے مطابق ٹرک کا ایئر کنڈیشنڈ (اے سی) خراب تھا جس وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا، ٹرک سے ڈیڑھ درجن سے زائد افراد کو تشویشناک حالت میں بھی برآمد کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ٹرک میں لوگوں کی ہلاکت اور موجودگی سے متعلق ابھی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی، تاہم انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: اغوا کی گئی امریکی لڑکی کی لاش برآمد

حکامکے مطابق ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

علاوہ ازیں پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر تفتیش کے لیے منتقل کردیا گیا، جب کہ ڈرائیور کی شناخت بھی خفیہ رکھی گئی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ٹرک میں موجود لوگوں کی ہلاکت اے سی بند ہوجانے کی وجہ سے ہوئی ہوگی، کیوں کہ 22 جولائی کو ریاست ٹیکساس میں درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہوٹل کے باتھ روم سے لڑکی کی لاش برآمد

پولیس واقعے کو انسانی اسمگلنگ کے طور پر دیکھ رہی ہے، تاہم تاحال ہیومن ٹریفکنگ کے کوئی ثبوت سامنے نہیں آسکے۔

ریاست ٹیکساس کا شمار امریکا کی گرم ترین ریاستوں میں ہوتا ہے، یہ ریاست صحرائی علاقوں پر مبنی ہے، سان اونٹونیو شہر کا شمار بھی ریاست کے گرم ترین شہروں میں ہوتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں