محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) لاہور نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ 'دہشت گردوں' کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

سی ٹی ڈی کی جانب سےجاری بیان کے مطابق 'سی ٹی ڈی کی ٹیم نے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کے دو دہشت گردوں علی نور اور سرتاج خان کو والٹن روڈ لاہور سے گرفتار کرلیا ہے'۔

ان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور گرینیڈ بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مبینہ 'دہشت گرد اگلے ہفتے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے'۔

ان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کی تفتیشی ٹیم نے متعلقہ جگہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔

باجوڑ میں دہشت گردی کی کوشش ناکام

باجوڑ سے بھاری اسلحہ برآمد—فوٹو:آئی ایس پی آر
باجوڑ سے بھاری اسلحہ برآمد—فوٹو:آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سےجاری بیان کے مطابق خیبر پختونخوا ایف سی نے خفیہ اطلاع پر باجوڑ ایجنسی کی تحصیل مہمند کے علاقے دواگئی میں کارروائی کی۔

ایف سی نے کارروائی کے دوران بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔

برآمد اسلحے میں سب مشین گنیں، راکٹ، گرینیڈ، خود کش جیکٹیں، ریموٹ کنٹرول بم، بال بیرنگ کے11 بکس، گرینیڈ اور رابطے کے لیےاستعمال ہونے والی اشیا شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ لاہور میں ایک خود کش دھماکے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد جاں بحق اور 58 افراد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس نے لاہورکے فيروز پور روڈ پر ہونے والے خود کش دھماکے کی تحقيقات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ دھماکے ميں 10 سے 12 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں