کچن اسفنج ٹوائلٹ سے بھی زیادہ گندے

اپ ڈیٹ 13 اپريل 2019
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

آپ کے خیال میں گھر کی وہ کونسی چیز ہے جس کی سطح پر سب سے زیادہ جراثیم پائے جاتے ہیں ؟

اگر تو آپ ٹوائلٹ سیٹ کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو ایسا بالکل نہیں درحقیقت ایسی بہت سی چیزیں ہوتی ہیں جن کی سطح پر ٹوائلٹ سے زیادہ جراثیم ہوتے ہیں۔

تاہم ان سب میں سب سے آگے وہ عام ترین چیز ہے جو گھر میں خواتین دن میں کئی بار چھوتی ہیں اور وہ ہے کچن میں موجود برتن دھونے میں مددگار اسفنج۔

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق کے مطابق کچن کا اسفنج اتنے زیادہ جراثیموں کا گھر ہوتا ہے کہ وہ اندازوں سے بھی زیادہ صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں : گھر کی صفائی کے یہ 8 ٹوٹکے آپ کو معلوم ہیں؟

اس تحقیق کے دوران محققین نے متعدد استعمال شدہ اسفنج کے نمونوں کا جائزہ لیا اور بتایا کہ اس سے زیادہ جراثیموں کی نشوونما والی چیز گھر میں کوئی اور نہیں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ کچھ اسفنج میں اندازوں سے بھی زیادہ جراثیموں کی اقسام موجود ہوتی ہیں جن کی نشوونما گیلے اور غذا کے اجزاءکے نتیجے میں زیادہ تیزی سے ہوتی ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ اسفنج معدے کے امراض اور دیگر طبی مسائل کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کچن کے سنک کو جگمگانے کے آسان طریقے

تحقیق کے مطابق کچن اسفنج کی صفائی بھی ممکن نہیں ہوتی اور پانی میں ابالنے سے بھی صرف 60 فیصد جراثیموں کا خاتمہ ہوتا ہے، لہذا لوگوں کو ہر ہفتے اسے بدل لینا چاہئے۔

محققین کے مطابق ہر ہفتے اسفنج بدل لینا متعدد طبی مسائل سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، خاص طور پر خواتین کے لیے یہ احتیاط بہت ضروری ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے نیچر جرنل سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں