کیا آپ کے کچن کا سنک ہمیشہ انتہائی غلیظ نظر آتا ہے اور آپ اسے گریس یا کئی گھنٹوں کی محنت کے بغیر صاف رکھنا چاہتے ہیں؟

تو اپنے ارگرد نظر دوڑائیں بہت کچھ ایسا مل جائے گا جو اس مسئلے سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوگا، جبکہ کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو سنک کے پائپ میں جمع ہوجانے والے کچرے کے باعث پانی جمع ہونے کے مسائل سے بچاتی ہیں۔

ان میں سے چند کا ذکر درج ذیل ہے۔

سرکہ

اس مسئلے سے نجات دلانے میں سرکہ آپ کی مدد کرسکتا ہے۔ اسٹین لیس اسٹیل سنک کی بات ہو تو ایک کپڑے کو سرکے میں ڈبوئیں اور پوری سطح کو رگڑ کر صاف کریں، اس کے بعد اسفنج کی کھردری سائیڈ کو نرمی سے رگڑ کر سنک کو صاف کردیں۔

زیتون کا تیل

زیتون کا تیل اسٹین لیس اسٹیل مصنوعات کی پالش کے لیے بہترین مانا جاتا ہے اور کچن سنک کو بھی اس کی مدد سے جگمگایا جاسکتا ہے۔

کلب سوڈا

کلب سوڈا کو براہ راست اسٹیل سے بنے کاؤنٹر اور سنک میں انڈیلیں، اسے نرم کپڑے سے رگڑیں اور پھر گرم پانی سے دھو کر کپڑے سے خشک کرلیں۔ اسی طرح چینی کے برتن پر بھی سوڈا انڈیل کر نرم کپڑے سے پونچھ لیں تو وہ صاف ہوجائیں گے۔

کولا مشروبات

نکاسی آب کے پائپ میں کچرا پھنس جانے سے اس میں پانی کھڑا ہونے لگتا ہے اور اگر اس وقت آپ کو کوئی حل سمجھ نہیں آرہا تو اس کا آسان حل کولڈ ڈرنک کی شکل میں موجود ہے۔ بس دو لیٹر بوتل کو نکاسی آب کے پائپ میں انڈیل دیں پھر اس میں پھنس جانے والا کچرا نرم ہوکر خود بخود بہہ کر پانی کا راستہ صاف کردے گا۔

سرکہ اور بیکنگ سوڈا

سرکے اور بیکنگ سوڈے کا امتزاج پائپ میں پھنسے کچرے کو ہٹانے کے موثر ترین طریقوں میں سے ایک ہے، جبکہ یہ پانی کے پائپس کے ساتھ ساتھ جیب پر بھی گراں نہیں گزرتا۔ پہلے آدھے کپ بیکنگ پاﺅڈر کو انڈیل کر ایک کپ سرکے کو پائپ میں ڈالیں، جب ان کا جھاگ بن کر بیٹھنے لگے تو اس پر گرم پانی بہا دیں، 5 منٹ تک انتظار کریں اور پھر ٹھنڈا پانی ڈالیں۔ یہ تکنیک کچرا صاف کرنے کے ساتھ ساتھ بو کا باعث بننے والے بیکٹریا کو بھی صاف کردیتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں