دلیپ کمار کی طبیعت میں بہتری، ہسپتال سے گھر منتقل

اپ ڈیٹ 17 اگست 2017
دلیپ کمار کا علاج آئی سی یو میں کیا گیا—فوٹو: ٹوئٹر
دلیپ کمار کا علاج آئی سی یو میں کیا گیا—فوٹو: ٹوئٹر

معروف بولی وڈ اداکار دلیپ کمار کو طبیعت میں بہتری کے باعث ہسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا۔

دلیپ کمار کو 2 اگست کو کڈنی اور پیشاب کی نلی میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں دوران علاج ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی تھی۔

دلیپ کمار کو ممبئی کے لیلا وتی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں بعد ازاں انہیں 6 اگست کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) منتقل کیا گیا تھا۔

بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے خبر دی تھی کہ دلیپ کمار کو پیشاب کی نلی اور کڈنی میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں سانس لینے میں مشکلات درپیش آ رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار کو آئی سی یو منتقل کرنے کا فیصلہ

مسلسل ایک ہفتے تک علاج میں رہنے کے دوران دلیپ کمار کو بخار بھی ہوگیا تھا، جب کہ ان کی بڑھتی عمر کے پیش نظر انہیں آئی سی یو منتقل کرکے ان کا علاج کیا گیا، تاہم 9 اگست کی شام انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے اے این آئی نے ٹوئیٹ کی کہ دلیپ کمار کو لیلاوتی ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

نشریاتی ادارے نے اداکار کی ہسپتال سے گھر منتقل ہونے کی تصویر بھی ٹوئیٹ کی۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار اپنی موت کی جھوٹی خبروں سے پریشان

دوسری جانب دلیپ کمار کے ٹوئٹر ہینڈل سے ان کی اہلیہ سارہ بانو نے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں اداکار کی بہتر طبیعت سے متعلق مداحوں کوآگاہ کیا۔

سارہ بانو نے دلیپ کمار کی طبیعت میں بہتری پر اللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار کا علاج فیملی فزیشن کی نگرانی میں ہوا۔

خیال رہے کہ 94 سالہ دلیپ کمار کی طبیعت پچھلے چند ماہ سے ناساز ہے، خراب صحت کے باعث انہوں نے گزشتہ چند سال سے سرگرمیوں کو محدود کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی رومانوی کہانی

دلیپ کمار کی خراب طبیعت کے باعث ہی رواں برس مئی میں ان کے مرنے کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، تاہم بعد ازاں اداکار نے اپنے ٹوئٹر سے اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں