دلیپ کمار اپنی موت کی جھوٹی خبروں سے پریشان

اپ ڈیٹ 29 جون 2017
انٹرنیٹ پر ان کے موت کی جھوٹی خبریں وائرل ہوگئیں—فائیل فوٹو
انٹرنیٹ پر ان کے موت کی جھوٹی خبریں وائرل ہوگئیں—فائیل فوٹو

بھارت کی فلمی دنیا کے بے تاج بادشاہ دلیپ کمار اور ان کے اہل خانہ اس وقت پریشان ہوگئے، جب انہیں 22 جون کو سلسلہ وار فون کالز اور پیغامات موصول ہوئے۔

لوگوں نے دلیپ کمار کے گھر بار بار فون کرکے ان کے موت سے متعلق معلومات حاصل کیں، موبائل اور سوشل میڈیا پر بھیجے گئے پیغامات میں یہی سوال کیا کہ دلیپ کمار کی موت کیسے ہوئی؟۔

دراصل سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر جھوٹی خبر کے وائرل ہونے کے بعد دلیپ کمار کے لاکھوں شائقین پریشان ہوگئے، جس وجہ سے انہوں نے ان کے گھر فون کرکے معاملے کی معلومات حاصل کی۔

سلسلہ وار فون کالز اور پیغامات کے بعد بلآخر دلیپ کمار کو سلسلہ وار ٹوئیٹ کرنے پڑے، جن میں انہوں نے اپنی بہتر ہوتی صحت سے متعلق معلومات دی۔

یہ بھی پڑھیں: یوسف خان سے دلیپ کمار تک

اداکار کا ایک ٹوئیٹ میں کہنا تھا کہ وہ خرابی صحت کے باعث کچھ وقت کے لیے اپنے مداحوں سے دور رہے، مداحوں کی دعائیں اور نیک خواہشات ان کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

ایک اور ٹوئیٹ میں انہوں نے خدا کا شکر بجالاتے ہوئے لکھا کہ’ اللہ کا شکر ہے، اس رمضان میں ان کی صحت کافی بہتر ہے، تاہم باقاعدگی سے ادویات لینے اور نیند کی کمی کے باعث وہ روزہ نہیں رکھ سکتے‘۔

ایک اور ٹوئیٹ میں انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ ان پر اور ان کی اہلیہ سارہ بانو پر اللہ کی رحمت ہے، آپ لوگوں کا پیار اور ہمارے لیے فکرمندی کی وجہ سے آپ کا شکریہ ادا کرنا کافی نہیں۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی رومانوی کہانی

ساتھ ہی انہوں نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ انہیں کئی ایوارڈ وصول کرنے کے لیے دعوت نامے وصول ہوئے ہیں، مگر صحت کی خرابی کے باعث وہ سفر نہیں کرسکتے۔

انہوں نے ایک ٹوئیٹ میں مراری بپوجی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے بھیجا گیا نتراج ایوارڈ سائرہ بانو نے وصول کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار تیئس سال بعد سینما پر

دلیپ کمار کی جانب سے ٹوئیٹ کیے جانے کے بعد مداحوں نے بھی ان کی صحت کے لیے دعا کرتے ہوئے، ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں