اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے آنجہانی ڈاکٹر روتھ فاؤ کی خدمات کے اعتراف میں ان کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پوری قوم جذام کے خاتمے کے لیے روتھ فاؤ کی بے لوث اور بے مثال خدمات کی مقروض ہے، انہوں نے اپنی انتھک کوششوں کے ذریعے انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے بے شمار افراد کو نئی امید دلائی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ان کی مثالی خدمات پر فخر ہے اور وہ آنے والے وقتوں میں ایک تابناک علامت کے طور پر ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

صدر اور آرمی چیف کا اظہار افسوس

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے ڈاکٹر روتھ فاؤ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ڈاکٹر روتھ فاؤ کو ملک کے لیے مثالی خدمات پر سلام کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روتھ فاؤ نے پاکستان کو اپنا آبائی ملک بنایا، ان کی قائم کردہ انسانیت کی خدمت کی شاندار روایت جاری رکھی جائے گی اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر روتھ فاؤ: کوڑھ کے مریضوں کیلئے روشنی کی کرن

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ڈاکٹر روتھ فاﺅ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے اپنے تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر روتھ فاﺅ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انسانیت اور پاکستان عوام کے لیے بے لوث خدمات کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

جذام/کوڑھ کے مریضوں کا علاج کرنے والی 'پاکستان کی مدر ٹریسا' ڈاکٹر روتھ فاؤ بدھ کو رات گئے کراچی میں انتقال کر گئی تھیں۔

کراچی کے علاقے صدر میں جذام کے مریضوں کے علاج کے لیے قائم میری ایڈیلیڈ سینٹر کے سی ای او کے مطابق 88 سالہ ڈاکٹر روتھ فاؤ 2 ہفتے سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ 1960 میں جرمنی سے پاکستان آئی تھیں، انہیں 1979 میں ہلال امتیاز اور 1989 میں ہلال پاکستان کے اعزازات سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ کو 1988 میں پاکستانی شہریت دی گئی، ان کی کوششوں کی بدولت پاکستان کو 1996 میں جذام فری ملک قرار دیا گیا۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ کی آخری رسومات 19 اگست کو صدر میں واقع سینٹ پیٹرکس چرچ میں ادا کی جائیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں