پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلکس میں پُرسرار بیماری پھیلانے کے لیے مچھر چھوڑے جانے کے انکشاف پر ہسپتال میں خوف ہراس پھیل گیا۔

پلاسٹک کے تھیلے میں موجود مچھر—۔فوٹو/علی اکبر
پلاسٹک کے تھیلے میں موجود مچھر—۔فوٹو/علی اکبر

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی رپورٹس کے مطابق ایک خاندان کے کچھ افراد حیات آباد میڈیکل کمپلکس میں داخل ہوئے اور ان کے ہاتھوں میں تھیلے تھے، جن میں مچھر موجود تھے۔

بعدازاں س حوالے سے حیات آباد میڈیکل کمپلکس کے میڈیکل ڈائریکٹر سے رابطہ کیا گیا۔

ڈان نیوز کو مذکورہ واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے حیات آباد میڈیکل کمپلکس کے میڈیکل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے بتایا کہ ایک نوجوان تھیلے میں مچھر لے کر ہسپتال میں داخل ہوا تھا۔

تاہم انہوں نے مذکورہ مچھروں کو ڈینگی پھیلانے والے مچھر قرار نہیں دیا۔

انہوں نے بتایا کہ نوجوان کی بہن ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہوئی تھی، جو بعد ازاں صحت یاب ہوگئی۔

میڈیکل ڈائریکٹر نے بتایا کہ ہسپتال کے اسٹاف نے نوجوان کو پُر اسرار تھیلے کے ہمراہ پکڑ کر گارڈ کے حوالے کیا، جہاں 25 سالہ نوجوان سیف اللہ نے بتایا کہ وہ یہاں ان مچھروں کے بارے میں معلوم کرنے آیا تھا کہ آیا یہ ڈینگی پھیلانے والے مچھر ہیں یا نہیں۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ وہ یہ جاننا چاہتا ہے کہ آیا یہ مچھر ڈینگی پھیلانے والے ہیں جبکہ اسے گاؤں میں کسی نے کہا تھا کہ اگر یہ ڈینگی پھیلانے والے مچھر ہوئے تو اسے اس کی قیمت ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ 18 ستمبر کا ہے اور نوجوان کا تعلق پشتخرا سے بتایا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں